0
Saturday 28 Nov 2020 18:30

فلسطین عربوں کا نہیں امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، اعجاز ہاشمی

اسرائیل سے صلح کی باتیں کرنا اسلام سے غداری کے مترادف ہوگا
فلسطین عربوں کا نہیں امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیرا عجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ فلسطین عربوں کا نہیں امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، قبلہ اول کی آزادی پر کوئی سودے بازی قبول نہیں کریں گے، عرب ممالک امریکہ اور اسرائیل سے کسی خیر کی توقع نہ رکھیں، ایران سے انہیں کوئی خطرہ نہیں، اسلامی ممالک اپنے سفارتی تعلقات مضبوط بنائیں، انہیں کسی کی مدد کی ضرورت نہیں پڑے گی، اسرائیل کی ناجائز ریاست کو تسلیم کروانے کیلئے فلسطینیوں کے خون کی تجارت نہیں ہونے دیں گے۔ اسرائیل غاصب اور ناجائز ریاست ہے جو سرزمین انبیاء فلسطین پر مسلمانوں کو بے گھر کرکے ظلم و جبر سے قائم کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات ہو، مصر، ترکی یا کوئی اور مسلم ریاست اسرائیل کو تسلیم کرکے سب نے گھاٹے کا سودا کیا ہے، سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات پر اُمت مسلمہ میں تشویش پائی جاتی ہے کہ خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی کی سرزمین سے مسلمانوں کے دشمن اسرائیل سے صلح کی باتیں کرنا اسلام سے غداری کے مترادف ہوگا۔ ایسے کسی بھی اقدام کو واپس لیا جائے۔ یہ اسلام اور امت سے غداری ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی اسرائیل کو تسلیم کرنیوالے مسلم ممالک کی ممبر شپ ختم کرے اور جو ایسا کرنا چاہتے ہیں، ان سے وضاحت طلب کرکے انہیں منع کیا جائے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے زور دیا کہ مسلم ممالک اسرائیل کیخلاف مشترکہ موقف اختیار کریں، اسرائیل تاریخی اور سیاسی اعتبار سے ایک ناجائز ریاست ہے، ہم قبلہ اول پر یہودیوں کا قبضہ تسلیم نہیں کرتے، بیت المقدس کی آزادی کیلئے اسلامی ممالک کو مشترکہ فورس تشکیل دینی چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 900479
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش