0
Saturday 28 Nov 2020 19:30

کے آئی یو فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس، 21-2020 کیلئے بجٹ کی منظوری

کے آئی یو فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس، 21-2020 کیلئے بجٹ کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کی صدارت میں قراقرم یونیورسٹی کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کا 24 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی نے سال 21-2020 کے لیے غیر ترقیاتی اخراجات کی مد میں 85 کروڑ 50 لاکھ بجٹ جبکہ ترقیاتی مد میں 61 کروڑ 15 لاکھ کی منظوری دے دی اور اسے سینٹ و سینڈیکٹ سے باقاعدہ منظوری کے لیے پیش کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی میٹنگ کے آئی یو میں ہوئی۔ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کے علاوہ ڈی جی ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان ضیغم علی نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔

جبکہ دیگر کمیٹی ممبران جن میں ڈین لائف سائنسز ڈاکٹر خلیل احمد، رجسٹرار ڈاکٹر عبد الحمید لون، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عبدالرزاق، ٹریژرار محمد اقبال، ڈائریکٹر ورکس انجینئر شبیر حسین، ڈائریکٹر فنانس نعمان بٹ، کنٹرولر ملٹری اکاونٹس اور ڈپٹی اکاونٹنٹ جنرل کے نمائندے بھی موجود تھے۔ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی 24ویں میٹنگ میں قراقرم یونیورسٹی کے ٹریژرار محمد اقبال نے کمیٹی ممبران کے سامنے سال 21-2020 کے لیے بجٹ پیش کرنے سے قبل گزشتہ سال کے بجٹ کا اجمالی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دو بنیادی اصول رکھے تھے جن میں ایک تمام غیر ضروری اخراجات کو کم کرنا تھا جس میں وائس چانسلر کی سربراہی میں کامیاب ہوئے اور غیر ضروری اخراجات کی مد میں 3 کروڑ 60 لاکھ روپے بچت کئے گئے۔

دوسرا یونیورسٹی کے آپریشنل خاص کر خصوصی آپریشنز یعنی معیاری تعلیم و تحقیق کے ضروری امور کو جاری رکھا گیا۔ جس کے بعد ٹریژرار محمد اقبال نے بجٹ جس میں 85 کروڑ 50 لاکھ غیر ترقیاتی جبکہ 61 کروڑ 15 لاکھ ترقیاتی بجٹ کا اعلان کیا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے خصوصی گرانٹ سمیت سابقہ صوبائی حکومت کی جانب سے خصوصی گرانٹ کی فراہمی کو سہراہا اور موجودہ صوبائی حکومت سے توقع ظاہر کیا کہ وہ یونیورسٹی کو ریگولر گرانٹ مختص کریگی۔ تاکہ یونیورسٹی کو درپیش مالی مشکلات کم ہو سکے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ گزشتہ سال کرونا وباء کی وجہ سے معاشی مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔ مگر یونیورسٹی فنانس کمیٹی کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا بہتر انداز میں کیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اس ضمن میں یونیورسٹی کے جن محاصل میں سب سے زیادہ کمی واقع ہوئی وہ فیسوں میں تھی جو کہ تقریباً 7 کروڑ روپے تھے۔ جن میں زیادہ تر ماسٹر کے طلبا کی فیسوں کی تھی جو کہ تقریباً 6 کروڑ روپے بن جاتے ہیں۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے ٹریژرار اور پوری فنانس کمیٹی کی ٹیم کی کاوشوں اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یونیورسٹی کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے قلیل المدتی اور طویل المدتی حکمت عملی اپنائی ہے۔ جس کی وجہ سے یونیورسٹی بہت جلد اپنے قدموں پر مستقل بنیادوں پر کھڑی ہوگی۔

وائس چانسلر نے اجلاس میں شریک تمام شرکاء کی جانب سے ماہرانہ آراء پیش کرنے سمیت یونیورسٹی بجٹ کی منظوری دینے پر خصوصی طورپر شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی سربراہی میں فنانس کمیٹی کی جانب سے متوازن اور حقیقت پر مبنی بجٹ بنانے اور پیش کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی زیر قیادت یونیورسٹی کے تدریسی اور انتظامی امور بہتری کی جانب گامزن ہیں، جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
خبر کا کوڈ : 900495
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش