0
Saturday 28 Nov 2020 21:11

احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر گلگت بلتستان میں ایف سی اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری

احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر گلگت بلتستان میں ایف سی اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ایف سی اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں پیرا ملٹری فورسز کے ایک ہزار 50 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، وزارت داخلہ کے مطابق انتخابات کے نتائج کے خلاف بعض سیاسی جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے، 23 نومبر کو ہونے والے مظاہروں سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی تھی، وزارت داخلہ نے کابینہ کو بھیجی گئی سمری میں موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت سازی کے دوران امن و امان کی صورتحال قابو رکھنے کیلئے رینجرز اور ایف سی کو تعینات کیا جائے، کابینہ سے 2 دسمبر 2020 تک پیراملٹری فورسز کی تعیناتی کی اجازت طلب کی گئی تھی، رینجرز کے 450، جی بی سکائوٹس کے 410 اہلکار تعینات ہونگے، ایف سی کے 200 اہلکار تعینات ہونگے، وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے پیراملٹری فورس تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

 یاد رہے کہ گلگت حلقہ دو میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج کے دوران گلگت میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے اور سرکاری گاڑیوں اور دفاتر کو آگ لگائی گئی تھی۔ جس کے بعد صوبائی حکومت نے رینجرز اور ایف سی کی مدد طلب کر لی تھی۔ گلگت حلقہ دو میں پیپلزپارٹی کے جمیل احمد اور تحریک انصاف کے فتح اللہ خان کے مابین کانٹے دار مقابلہ تھا۔ الیکشن کے اگلے روز ایک متنازعہ اعلان کے بعد پیپلزپارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے ریٹرننگ آفسز کے دفتر کے باہر دھرنا دیا۔ بعد میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائی گئی اور یہ گنتی پانچ روز تک جاری رہی۔ 20 نومبر کو ریٹرننگ آفیسر نے پوسٹل بیلٹ پیپرز کے فرانزک تصدیق کروانے کا حکم دیدیا۔ اس فیصلے کے دو روز بعد چیف الیکشن کمشنر نے اچانک چوبیس حلقوں کے سرکاری نتائج جاری کرتے ئوئے فتح اللہ خان کو فاتح قرار دیدیا جس کیخلاف پی پی نے شدید احتجاج کیا۔

دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی باقاعدہ پی ڈی ایم تشکیل دیدی گئی ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں وفاق کی طرح گلگت بلتستان میں بھی دھاندلی کے الزامات لگا رہی ہیں۔ پی ڈی ایم کی تشکیل کے بعد گلگت میں پہلا اجلاس بدھ کے روز ہوا تھا جس میں پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر و نومنتخب رکن اسمبلی امجد حسین ایڈوکیٹ، سابق وزیراعلی و صوبائی صدر مسلم لیگ نون حافظ حفیظ الرحمن، پیپلز پارٹی کی صوبائی سیکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش، پیپلز پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر جمیل احمد اور جے یو آئی گلگت بلتستان کے امیر مولانا عطاء اللہ شہاب، بی این ایف کی طرف سے شفقت انقلابی شریک ہوئے۔ اجلاس میں حالیہ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف اور گلگت بلتستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور و خوص کیا گیا اور آئندہ کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گلگت حلقہ دو کی صورتحال اور پی ڈی ایم کی ممکنہ تحریک سے نمٹنے کیلئے گلگت میں رینجرز اور ایف سی تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 900507
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش