0
Saturday 28 Nov 2020 21:25

کابل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اُٹھا

کابل ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اُٹھا
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کا دارالحکومت رواں ماہ میں تیسری بار دھماکوں سے گونج اُٹھا، اس بار دو الگ الگ مقامات پر بظاہر دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے دو دھماکے سنے گئے، دونوں دھماکے الگ الگ مقام پر ہوئے، تاہم یہ دونوں مقامات ایک دوسرے سے قریب ہونے کی وجہ سے دھماکوں کی آواز سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پہلے دھماکے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس سے کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور کار میں سوار چاروں افراد کو انتہائی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں چاروں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ دوسرا دھماکہ ایک مرکزی شاہراہ پر ہوا، جس میں 3 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

دھماکوں کے بعد بھگدڑ کے باعث درجنوں افراد زخمی ہوگئے اور کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ علاقے کے دو بڑے اسپتالوں میں 12 سے زائد راہگیروں کو زخمی حالت میں لایا گیا ہے۔ کابل پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں دھماکے بارودی سرنگ کے تھے، جنہیں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اُڑایا گیا، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ حملے کا ہدف کون لوگ تھے۔ تاحال کسی گروپ نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ کابل میں رواں ماہ میں ہونے والا یہ تیسرا بڑا دھماکہ ہے، دوحہ میں طالبان اور افغان حکومت کی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی مداخلت کے باوجود تاحال پیشرفت نہیں ہوسکی ہے اور کابل میں پُرتشدد واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 900512
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش