0
Saturday 28 Nov 2020 23:13

سرحد سے باہر بامقصد ٹارگٹ کلنگ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، ایگنس کالامارڈ

سرحد سے باہر بامقصد ٹارگٹ کلنگ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، ایگنس کالامارڈ
اسلام ٹائمز۔ ماورائے عدالت قتل کے حوالے سے اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے ممتاز ایرانی سائنسدان محسن فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے اس اقدام کو غیر قانونی اور مجرمانہ قرار دیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں ایگنس کالامارڈ نے لکھا کہ ایران کے ممتاز جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کا قتل نہ صرف غیر قانونی بلکہ ایک غیر انسانی اقدام بھی ہے جبکہ ان کے قتل کے حوالے سے کئی ایک سوالات موجود ہیں، تاہم تاحال کسی حکومتی یا غیر حکومتی فریق نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ماورائے عدالت قتل پر اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ملکی سرحدوں اور "باقاعدہ جنگ کی حدود" سے باہر ہونے والی مسلح لڑائی نہ صرف ان عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ،جو صوابدیدی طور پر زندگی کے خاتمے سے روکتے ہیں بلکہ اقوام متحدہ کے آئین کے بھی خلاف ہے، جو امن و امان کے زمانے میں سرحدوں سے باہر طاقت کے استعمال سے روکتا ہے۔

ایگنس کالامارڈ نے محسن فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ کسی ملک کے اپنی سرحدوں سے باہر روا رکھے جانے والے سلوک کے بارے ان عالمی قوانین کے مطابق جو عالمی عدالت، انسانی حقوق کمیشن، امریکی بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی حقوق کی یورپی عدالت کی جانب سے تائید شدہ ہیں، وہ ممالک جو زندگی سے محروم کر دینے والے اقدامات میں مشارکت کرتے ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں۔ ماورائے عدالت قتل پر اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر نے مزید لکھا کہ وہ ممالک جو منطقی تدابیر کے ذریعے اپنے بین الاقوامی جھگڑوں کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی قابلیت نہیں رکھتے، بالآخر "زندگی کے حق" سے متعلق قوانین کی پابندی بھی نہیں کر پاتے۔
خبر کا کوڈ : 900540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش