QR CodeQR Code

پشاور، "ایک شام ماتمی سنگتوں کے نام" کے عنوان سے محفل میلاد کا اہتمام

28 Nov 2020 23:24

اہلسُنت عالم دین علامہ محمود الحسن نے اپنے خطاب میں پشاور کی تمام ماتمی سنگتوں کے کردار کو سراہا اور اتحادِ بین المُسلمین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہود و نصاریٰ کی عالمی سازشوں کا جواب دینے کے لئے صرف ایک ہی راستہ بچا ہے اور وہ یہ ہے کہ تمام مسلمان اختلافات کو ختم کر کے آپس میں ایک ہو کر اپنے اتحاد اور اتفاق کے ذریعے استعمار کو ناکام بنائیں۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور میں امام بارگاہ آغا گل میں ماتمی سنگتوں کی جانب سے ماہ محرم تا ربیع الاول محمد (ص) و آلِ محمد (ع) کے مشن میں بہترین خدمات انجام دینے پر خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے "ایک شام ماتمی سنگتوں کے نام" کے عنوان سے محفلِ میلاد البنی صل اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا انعقاد کیا گیا، جس میں پشاور کی نمائندہ ماتمی سنگتوں، نوحہ خوانوں، ماتمیوں، سالاروں اور علماء و ذاکرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب کے مہمانانِ گرامی نامور اہلسُنت عالمِ دین اور عالمی متحدہ علماء و مشائخ کونسل کے مرکزی سینئر وائس چئیرمین علامہ محمود الحسن آف مردان، قومی محرم کمیٹی پشاور کے سربراہ مجاہد علی اکبر اور سید اظہر علی شاہ کاظمی نے سنگتوں کے اساتذہ اور سالار صاحبان میں قرآنِ پاک کے تحفے تقسیم کئے۔

محفل میلاد میں راولپنڈی سے خصوصی طور پر نامور ثناء خوان حیدری برادران نے شرکت کی اور اپنی بہترین ثناء خوانی سے محفلِ میلاد کو پُرنور بنا دیا۔ اس موقع پر اہلسُنت عالم دین علامہ محمود الحسن نے اپنے خطاب میں پشاور کی تمام ماتمی سنگتوں کے کردار کو سراہا اور اتحادِ بین المُسلمین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہود و نصاریٰ کی عالمی سازشوں کا جواب دینے کے لئے صرف ایک ہی راستہ بچا ہے اور وہ یہ ہے کہ تمام مسلمان اختلافات کو ختم کر کے آپس میں ایک ہو کر اپنے اتحاد اور اتفاق کے ذریعے استعمار کو ناکام بنائیں۔ اس پرنور روحانی محفل کے اختتام پر ذاکرِ اہلبیت آخونزادہ مجاہد علی اکبر نے تمام ماتمی دستوں کی عزاداری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان تمام کے لئے اختتامی دُعا کی۔


خبر کا کوڈ: 900548

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900548/پشاور-ایک-شام-ماتمی-سنگتوں-کے-نام-عنوان-سے-محفل-میلاد-کا-اہتمام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org