QR CodeQR Code

حیدرآباد کا نام بھی تبدیل کردیا جائیگا، یوگی آدتیہ ناتھ

29 Nov 2020 09:29

میونسپل کارپوریشن انتخابات میں اکثر سڑک، بجلی، پانی جیسے مسائل پر بات ہوتی ہے تاہم اس مرتبہ بی جے پی نے اپنی اعلٰی قیادت کو یہاں اتارا ہے اور تشہیر میں پاکستان، محمد علی جناح، روہنگیا اور ہندو مسلم کے حوالہ سے بیان بازی کی جا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اترپردیش کے وزیراعلٰی یوگی آدتیہ ناتھ نے اگلے ہفتہ ہونے والے جی ایچ ایم سی (گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوشن) کے انتخابات کے لئے تشہیر کے دوران کہا کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی اور اسد الدین اویسی کی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے درمیان بدعنوان اور ناپاک اتحاد ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اگر انتخابات میں عوام ان کی حمایت کرتے ہیں تو حیدرآباد کا نام تبدیل کر کے بھاگیہ نگر رکھا جائے گا۔ یوگی ناتھ نے گزشتہ روز حیدرآباد میں روڈ شو بھی کیا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کچھ لوگ مجھ سے پوچھ رہے تھے کہ کیا حیدرآباد کا نام بدل کر بھاگیہ نگر کیا جا سکتا ہے تو میں نے ان سے کہا کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد ہم نے فیض آباد کا نام ایودھیا اور الہ آباد کا نام پریاگ راج کر دیا، تو حیدرآباد کا نام بھاگیہ نگر کیوں نہیں کیا جا سکتا ہے۔

بی جے پی نے حیدرآباد کے انتخابات میں اپنی اعلٰی قیادت کو اتارا ہے جس میں امت شاہ، پارٹی کے صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی اور مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر شامل ہیں۔ قابل غور ہے کہ میونسپل کارپوریشن انتخابات کے ذریعے اگرچہ ایک میئر کا انتخاب ہوتا ہے اور ان میں اکثر سڑک، بجلی، پانی جیسے مسائل پر بات ہوتی ہے تاہم اس مرتبہ بی جے پی نے اپنی اعلٰی قیادت کو یہاں اتارا ہے اور تشہیر میں پاکستان، محمد علی جناح، روہنگیا اور ہندو مسلم کے حوالہ سے بیان بازی کی جا رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 900602

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900602/حیدرآباد-کا-نام-بھی-تبدیل-کردیا-جائیگا-یوگی-آدتیہ-ناتھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org