0
Sunday 29 Nov 2020 10:21

عوام نے استقامت نہ دکھائی تو پاکستانی حکمران اسرائیل کو تسلیم کرسکتے ہیں، علامہ جواد نقوی

عوام نے استقامت نہ دکھائی تو پاکستانی حکمران اسرائیل کو تسلیم کرسکتے ہیں، علامہ جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری اُمت مصطفیٰ اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے شدید دباؤ ہے، اس مسئلے پر عوام کو بہت سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر سنجیدہ ہو بھی تو اس کا کوئی فائدہ نہیں، کیونکہ مشرق وسطیٰ ایک صیہونی نقشہ میں تبدیل کیا جا رہا ہے اور اس دوران پاکستان پر شدید دباؤ ہے کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کر لے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ پاکستان کے اندر اس دباؤ کو برداشت کرنے کی صلاحیت ہے؟ اس دباؤ کو برداشت کرنے کی صلاحیت پاکستان کے سیاسی طبقے میں صفر ہے، کیونکہ یہ دباؤ برداشت نہیں کرسکتے، اس سیاسی طبقہ نے اپنا ہر دن انہی دباؤ ڈالنے والوں کے مطابق گزارنا ہوتا ہے، لہذا یہ دباؤ کو برداشت نہیں کرسکتے، مگر عوام برداشت کرسکتے ہیں اور وہ ستر سال سے اس دباو کو برداشت کر بھی رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب اسرائیلی وزیراعظم نے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے اور حرمین شریفین کے خادمین نے جب اسرائیل کو قبول کر لیا ہے تو اب پاکستان کیلئے بھی جواز پیدا ہو جاتا ہے، اگر پاکستان کے بائیس کروڑ عوام ایک طاقت دکھائی دیتی ہے اور یہ دباؤ برداشت کر لیتی ہے تو یہ دنیا کی ناقابل تسخیر قوم اور سپرپاور کو عاجز کر دینے والی قوم بن سکتی ہے، مگر جب تک یہ قیادت ہے اور ان کے اندر غلامی کی سوچ ہے، یہ نہیں ہوسکتا، کیونکہ اسی قیادت نے بہت آسانی کیساتھ کشمیر دے دیا، ہندوستانیوں کو دباؤ میں۔ یہ اس دباؤ کو برداشت نہیں کرسکتے۔ مگر پاکستانی قوم کو اس موضوع پر سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے، جو کہ بہت تکلیف دہ موضوع ہے۔ عوام نے استقامت نہ دکھائی تو پاکستانی حکمران اسرائیل کو تسلیم کرسکتے ہیں، اس لئے قوم کو بیدار رہتے ہوئے اپنے حکمرانوں پر یہ دباو برقرار رکھنا ہوگا کہ وہ اسرائیل کو تسلیم نہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 900609
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش