QR CodeQR Code

ملتان جلسہ، انتظامیہ نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا

29 Nov 2020 18:59

جماعت کے مرکزی ترجمان قیصر شریف کا کہنا تھا کہ کورونا سے ڈرانے والی حکومت نے خود گلگت بلتستان میں 12 جلسے کئے، جلسہ، جلوس کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے بہاولنگر سے جماعت اسلامی کے 4 کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کیلئے حکومت نے سیاسی جماعتوں کی کارکنون کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اس حوالے سے حکومت نے پی ڈی ایم کی مخالف جماعت ’’جماعت اسلامی‘‘ کے کارکنون کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان قیصر شریف کا کہنا ہے کہ حکومت ڈکٹیٹر بنی ہوئی ہے۔ ملتان میں کارکنان کی گرفتاریوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے قیصر شریف نے کہا حکومت ابھی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، ‏بہاولنگر سے جماعت اسلامی کے کارکنان کو پی ڈی ایم کے جلسہ کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے حالانکہ جماعت اسلامی جلسے میں شریک ہی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گرفتار افراد کی فوری رہائی عمل میں لائے، حکومت ڈکٹیٹر نہ بنے اور پی ڈی ایم کو ملتان میں جلسہ کرنے دے۔ قیصر شریف کا کہنا تھا کہ کورونا سے ڈرانے والی حکومت نے خود گلگت بلتستان میں 12 جلسے کئے، جلسہ، جلوس کرنا اپوزیشن کا جمہوری حق ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے بہاولنگر سے جماعت اسلامی کے 4 کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے جن کی شناخت حاجی محمد حنیف، محمد طاہر باجوہ، محمد یونس ظفر اور محمد شکیل الرحمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کی جانب سے محمد ارشاد نثار اور ریاض محمود کے گھروں پر چھاپے بھی مارے گئے تاہم گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ جماعت اسلامی اپوزیشن کے اتحاد پی ڈی ایم کا حصہ نہیں۔


خبر کا کوڈ: 900687

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900687/ملتان-جلسہ-انتظامیہ-نے-جماعت-اسلامی-کے-کارکنوں-کو-بھی-گرفتار-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org