0
Sunday 29 Nov 2020 19:10

پشاور میں پی ڈی ایم جلسہ، قیادت کیخلاف مقدمہ درج

پشاور میں پی ڈی ایم جلسہ، قیادت کیخلاف مقدمہ درج
اسلام ٹائمز۔ پشاور میں جلسے کے انعقاد پر پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی مدعیت میں درج کئے گئے مقدمے میں جمیعت علمائے اسلام (ف)، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، قومی وطن پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ضلعی سربراہان کے نام شامل ہیں۔ پی ڈی ایم منتظمین کے خلاف مقدمہ اے پی ڈیمک کنٹرول اینڈ ایمرجنسی ریلیف ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ کی اجازت نہ دینے کے باوجود جلسہ کیا گیا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے کے بعد کورونا کیسز کی تعداد بڑھی ہے اور پی ڈی ایم کے قائدین بھی کورونا کیسز کا شکار ہوئے ہیں، حکومت نے پی ڈی ایم کو جلسے کرنے سے روکا بھی تھا۔ کامران بنگش نے کہا کہ کورونا کیسز بڑھنے کی وجہ پی ڈی ایم کا جلسہ ہے، اس لئے حکومت نے پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے پولیس کو مراسلہ بھجوا دیا ہے، مقدمہ میں اپوزیشن کے 5 قائدین کو نامزد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پشاور ملک کے ان 5 شہروں میں شامل ہے، جہاں سب سے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کل ملتان میں پاور شو کرنے کیلئے بضد ہے لیکن انتظامیہ اجازت دینے سے انکار کر رہی ہے۔ جلسے سے پہلے ہی پولیس اور جیالوں میں رات گئے تصادم ہوا۔ پولیس نے کریک ڈاون کیا اور یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی سمیت 30 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری طلب کرنے پر کارکنان واپس چلے گئے۔ پنجاب حکومت نے ملتان میں اسٹیڈیم کا تالہ توڑنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی حکومت نے پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ بھی روکنے کا اعلان کیا ہے۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دو بچے ابو بچاؤ تحریک میں قوم کے بچوں کو ایندھن بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ملتان میں ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، اپوزیشن کو حالات مزید خراب نہیں کرنے دیں گے اور پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ بھی روکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 900689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش