QR CodeQR Code

پی ڈی ایم آج ملتان میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

30 Nov 2020 10:16

وہاڑی میں تہمینہ دولتانہ کے دفتر اور دیگر مقامات پر چھاپوں کے دوران 13 لیگی کارکن دھر لئے گئے۔ ضلعی انتظامیہ بوکھلاہٹ میں پی ٹی آئی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو بھی پکڑ کر لے گئی، مشتعل کھلاڑیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ گگو منڈی میں ایم پی اے یوسف کسیلیہ کے بھائی سمیت متعدد افراد گرفتار کر لئے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ ملتان میں پی ڈی ایم کی جانب سے قافلوں کی آمد کا شیڈول طے پا گیا۔ آصفہ بھٹو صبح 11 بجے گیلانی ہاؤس سے ریلی کی صورت میں قاسم باغ روانہ ہونگی۔ مولانا فضل الرحمان بھی جامعہ قاسم العلوم سے 11 بجے روانہ ہونگے۔ مریم نواز ملتان 9 نمبر چونگی پر 11 بجے پہنچیں گی۔ ادھر انتظامیہ نے بھی کمر کس لی، جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیئے گئے۔ ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کیلئے پولیس کی جانب سے کئی شہروں میں پکڑ دھکڑ کی گئی۔ پولیس نے ملتان گھنٹہ گھر چوک میں نواز لیگ کی ریلی نکالنے کی کوشش ناکام بنا دی، گھنٹہ گھر کو چاروں طرف سے سیل کر دیا گیا۔ فیصل آباد میں ورکرز کنونشن روکنے کیلئے سابق ایم این اے میاں عبدالمنان کے گھر پولیس نے چھاپہ مارا، ایم این اے عائشہ رجب اور رہنما این اے 109 مزمل سرور ڈوگر کے گھر پر بھی ریڈ کیا گیا۔ سٹی صدر شیخ اعجاز کے بیٹے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

وہاڑی میں تہمینہ دولتانہ کے دفتر اور دیگر مقامات پر چھاپوں کے دوران 13 لیگی کارکن دھر لئے گئے۔ ضلعی انتظامیہ بوکھلاہٹ میں پی ٹی آئی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو بھی پکڑ کر لے گئی، مشتعل کھلاڑیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ گگو منڈی میں ایم پی اے یوسف کسیلیہ کے بھائی سمیت متعدد افراد گرفتار کر لئے گئے۔ حمد پور شرقیہ میں جے یو آئی (ف) اور پی پی پی کے 11 عہدیداران اور کارکن پکڑے گئے۔ پیر محل سے پی پی رہنما رانا جمیل کو حراست میں لیا گیا۔ خانیوال میں نواز لیگ کے مقامی رہنما رانا سلیم کی فیکٹریوں پر چھاپے کے دوران ڈرائیور و دیگر ملازمین کو دھر لیا گیا۔
 


خبر کا کوڈ: 900774

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900774/پی-ڈی-ایم-آج-ملتان-میں-سیاسی-قوت-کا-مظاہرہ-کرے-گی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org