0
Monday 30 Nov 2020 10:47

چمن بارڈر پر تاجروں اور سکیورٹی اہلکاروں میں تصادم، ایک شخص ہلاک 6 زخمی

چمن بارڈر پر تاجروں اور سکیورٹی اہلکاروں میں تصادم، ایک شخص ہلاک 6 زخمی
اسلام ٹائمز۔ پاک افغان سرحد پر چمن کے قریب باب دوستی پر تاجروں اور سکیورٹی عملے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دیگر 6 زخمی ہوگئے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ اپنے سامان کے ہمراہ پیدل سڑک عبور کرنے والے تاجروں اور کچھ سرحدی حکام کے درمیان اس وقت تلخ کلامی ہوئی جب کچھ وجوہات کی بنا پر ان کے لوگوں کو سرحد عبور کرنے سے روکا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والے تاجر باب دوستی پر جمع ہوگئے اور سکیورٹی عملے پر دروازہ کھولنے کے لیے زور دیا، تاہم اس سے انکار پر تاجروں نے اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کردیا اور گیٹ کے قریب ٹائر جلائے لیکن صورتحال نے اس وقت پرتشدد ہو گئی جب احتجاج کرنے والے ایک تاجر نے سکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کی۔ جس کے جواب میں فائرنگ سے 2 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمی افراد کو فوری طور پر چمن کے ضلعی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا۔ ادھر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے چمن کے اسسٹنٹ کمشنر ذکاء اللہ درانی نے بتایا کہ 4 زخمیوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد چمن کے سرحدی علاقے میں سیکیورٹی کو بڑھادیا گیا۔ خیال رہے اس سے قبل بھی چمن بارڈر پر تشدد کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ رواں سال جولائی کے مہینے میں چمن پر باب دوستی بارڈر کراسنگ پر مشتعل مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں ایک خاتون سمیت کم از کم 3 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پاکستان اور افغان سکیورٹی فورسز کے درمیان زبردست فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔

مزید یہ کہ بڑی تعداد میں لوگوں نے اکٹھے ہوکر سرحد عبور کرنے کے ارادے سے باب دوستی پر دھرنا دیا تھا، تاہم فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کے اہلکاروں نے انہیں گیٹ سے ہٹ جانے کو کہا تھا جس پر انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا تھا۔ دریں اثنا خواتین اور بچوں سمیت افغان شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی افغانستان میں داخل ہونے کے لیے وہاں جمع ہوگئی تھی تاہم جب سرحدی عہدیداروں نے گیٹ نہیں کھولا تو مظاہرین مشتعل ہوگئے اور باب دوستی پر واقع ایف سی اور دیگر سرکاری اداروں کے دفاتر پر حملہ کیا اور ایف سی اور نادرا کے دفاتر کو آگ لگا دی تھی۔ ذرائع نے اس وقت بتایا تھا کہ ہجوم میں موجود کچھ شرپسندوں نے صورتحال کو مزید گھمبیر کردیا اور کچھ گولیوں کی آوازیں بھی سنی گئیں تھیں، ہنگامے میں، 3 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
 
خبر کا کوڈ : 900781
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش