QR CodeQR Code

پمپیو کا حالیہ دورۂ تل ابیب ایرانی سائنسدان کی ٹارگٹ کلنگ کیساتھ براہ راست مربوط ہے، سابق موساد چیف

30 Nov 2020 11:06

اسرائیلی ٹیلیویژن کے چینل نمبر 12 کو انٹرویو دیتے ہوئے غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے سابق انٹیلیجنس چیف، ایئر فورس جنرل اور واشنگٹن میں اسرائیلی ملٹری اتاشی عاموس یادلین نے تاکید کی ہے کہ جس نے بھی (ٹارگٹ کلنگ کا) یہ فیصلہ کیا تھا، وہ جانتا تھا کہ کم از کم آئندہ 55 روز تک وائٹ ہاؤس میں ایک ایسا شخص براجمان ہے؛ جو ایران کو دھمکانے کے حوالے سے اسکے ساتھ مکمل طور پر متفق ہے، البتہ بائیڈن کی کہانی مختلف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کا سابق انٹیلیجنس چیف، ایئرفورس جنرل اور واشنگٹن میں اسرائیلی ملٹری اتاشی عاموس یادلین (Amos Yadlin) نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو کے 2 ہفتے قبل کے تل ابیب کے دورے کو ممتاز ایرانی سائنسدان بریگیڈیئر جنرل محسن فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ براہ راست مربوط قرار دیا ہے۔ اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق عاموس یادلین نے اپنے انٹرویو میں تاکید کی ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو کا حالیہ دورۂ اسرائیل اور اس کے دوران اسرائیلی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں شاید جمعے کے روز انجام پانے والی ایرانی جوہری سائنسدان کی ٹارگٹ کلنک کے ساتھ براہ راست مربوط ہو۔

سابق صیہونی انٹیلیجنس چیف نے اسرائیلی ٹیلیویژن کے چینل نمبر 12 کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے موقف کو اسرائیلی رژیم کے موقف کے ساتھ مکمل طور پر سازگار قرار دیا اور کہا کہ جس نے بھی یہ فیصلہ کیا تھا، وہ جانتا تھا کہ کم از کم آئندہ 55 روز تک وائٹ ہاؤس میں ایک ایسا شخص براجمان ہے؛ جو ایران کو دھمکانے کے حوالے سے اس کے ساتھ مکمل طور پر متفق ہے، البتہ بائیڈن کی کہانی مختلف ہے۔ اسرائیل کے سابق اعلیٰ فوجی افسر نے مائیک پمپیو کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے دورے کے شہید محسن فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ گہرے رابطے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ایسا ہے کہ مائیک پمپیو صرف شراب نوشی کے لئے یہاں نہیں آیا تھا!!

واضح رہے کہ گذشتہ جمعے کے روز ایرانی دارالحکومت تہران کے شمال میں واقع "آبسرد" نامی شہر میں ایرانی وزارت دفاع کے ذیلی ادارے ریسرچ اینڈ انوویشن انسٹیٹیوٹ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل محسن فخری زادہ کو ایک ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی میں شدید زخمی کر دیا گیا تھا جبکہ انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ محسن فخری زادہ امریکی مجلے فارن پالیسی کے مطابق اُن 5 ایرانی شخصیات میں سے ایک تھے، جنہیں دنیا کی موثر ترین شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں غاصب صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنی ایک کمپین میں محسن فخری زادہ کا نام لے کر دعویٰ کیا تھا کہ وہ ایرانی جوہری ٹیکنالوجی کی پیشرفت کے ذمہ دار اور اسرائیلی جاسوس تنظیم "موساد" کی جانب سے انتہائی مطلوب ہیں۔

ایرانی ممتاز سائنسدان محسن فخری زادہ کے متعلق نیتن یاہو کا دعوی


خبر کا کوڈ: 900783

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900783/پمپیو-کا-حالیہ-دورہ-تل-ابیب-ایرانی-سائنسدان-کی-ٹارگٹ-کلنگ-کیساتھ-براہ-راست-مربوط-ہے-سابق-موساد-چیف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org