QR CodeQR Code

شہید فخری زادہ کی تدفین

کسی مجرمانہ کارروائی کو بےجواب نہیں چھوڑینگے، سپریم کمانڈر کے حکم پر مکمل عملدرآمد ہوگا، بریگیڈیئر جنرل حاتمی

30 Nov 2020 17:17

تہران کے نواح میں ٹارگٹ کلنگ کی ایک کارروائی میں شہید ہونیوالے ممتاز ایرانی سائنسدان محسن فخری زادہ کی تدفین کے موقع پر ایران کے وزیر دفاع نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن جان لے اور اس سپاہی کی زبان سے سن لے کہ ایران کیخلاف دشمن کی کوئی ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی یا احمقانہ اقدام بے جواب نہیں رہے گا!! امیر حاتمی نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم قطعی طور ان مجرموں کا انکے گھر تک پیچھا کرینگے اور مسلح افواج کے چیف کمانڈر کے حکم پر ہر حال میں عملدرآمد کیا جائیگا!


اسلام ٹائمز۔ جمعے کے روز ٹارگٹ کلنگ کی ایک کارروائی میں شہید ہونے والے ممتاز ایرانی سائنسدان محسن فخری زادہ کو دارالحکومت تہران میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے ممتاز سائنسدان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اس شخصیت نے، جس کو آج ہم وداع کر رہے ہیں، نوجوانی سے خدا کے ساتھ باندھے گئے اپنے عہد و پیمان کی عمر بھر پوری استقامت کے ساتھ پاسداری کی اور آج بالآخر اپنے عہد کے ساتھ وفا کرتے ہوئے شہادت سے شرفیاب ہوگئی ہے۔ بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ہم اس اعلیٰ اعزاز، عظیم وقار اور الہیٰ توفیق پر شہادت کے عاشق اس عظیم شہید کی بلند روح کو مبارکباد اور ان کے جانگداز فقدان پر پوری قوم اور ملک کے دفاعی و جوہری علمی حلقوں کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے شہید فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کے پس پردہ دشمن کے مذموم عزائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی ٹارگٹ کلنگ پر مبنی یہ اقدام دشمن کی کھلی شکست ہے، کیونکہ اب شہید فخری زادہ نہ صرف عالمی سطح پر پہچانے جا چکے ہیں بلکہ عالمی استعمار کے خلاف جدوجہد کرنے والے دنیا بھر کے آزاد جوانوں کے لئے علم، ٹیکنالوجی اور اخلاص و بندگی سمیت ہر میدان میں نمونۂ عمل بھی بن گئے ہیں۔



ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی نے اس موقع پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دشمن اپنی گھناؤنی کارروائی کے ذریعے اس شہید کا نام مٹا دینا چاہتا تھا، لیکن ایک ملکی سائنسدان کا عالمی سطح کی مزاحمتی شخصیت میں بدل جانا دشمن کی پہلی شکست ہے، جبکہ پوری قوم کی جانب سے محسن فخری زادہ پر فخر و مباہات کرنا دشمن کی دوسری شکست ہے، کیونکہ دشمن اس کارروائی کے ذریعے اپنی خام خیالی میں ایرانی عوام کو یہ باور کروانا چاہتا تھا کہ شہید کی سرگرمیاں ملک و قوم کے لئے خطرناک تھیں۔ بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے تاکید کی کہ اس حوالے سے دشمن کی تیسری اور سب سے بڑی شکست یہ ہے کہ دشمن اس کارروائی کے ذریعے ایرانی قوم کے درمیان خلفشار پیدا کرکے قومی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا جبکہ آپ نے دیکھا ہے کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران ہماری قوم نے کیسے اس شہید کو خراج تحسین پیش کیا ہے! انہوں نے کہا کہ آج ہم شہید کے جنازے پر یہ عہد کرتے ہیں کہ پہلے سے بڑھ کر منظم ہو جائیں گے اور شہید کے رَستے کو جاری رکھنے کے لئے پہلے سے بڑھ کر تیزی اور قوت کے ساتھ عمل پیرا رہیں گے۔

بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے دشمن کی جانب سے دی جانے والی فوجی کارروائی کی دھمکیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایسے دشمن کے ساتھ روبرو ہیں، جو گذشتہ 40 سال سے فوجی کارروائی کی دھمکیاں دے رہا ہے، تاہم کسی وقت ان دھمکیوں پر عمل پیرا ہونے کی جرأت پیدا نہیں کرسکتا اور بالآخر اس نے شرمندگی کے مارے اپنے فوجی اختیار کو "میز کے اوپر" سے ہٹا کر "میز کے نیچے" منتقل کر دیا ہے، کیونکہ ہمارے مجاہدین کی قربانیوں اور سائنسدانوں کی کاوشوں کے باعث وہ اس کام پر مجبور ہوچکا ہے!! ایرانی وزیر دفاع نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن جان لے اور اس سپاہی کی زبان سے سن لے کہ ایران کے خلاف دشمن کی کوئی مجرمانہ ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی یا احمقانہ اقدام بے جواب نہیں رہے گا!! امیر حاتمی نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہم قطعی طور ان مجرموں کا ان کے گھر تک پیچھا کریں گے اور مسلح افواج کے چیف کمانڈر کے حکم پر ہر حال میں عملدرآمد کیا جائے گا!



خبر کا کوڈ: 900837

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900837/کسی-مجرمانہ-کارروائی-کو-بےجواب-نہیں-چھوڑینگے-سپریم-کمانڈر-کے-حکم-پر-مکمل-عملدرآمد-ہوگا-بریگیڈیئر-جنرل-حاتمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org