0
Monday 30 Nov 2020 20:37
ایبٹ آباد پریس کلب میں پی پی پی کا یوم تاسیس

لانگ مارچ سے قبل نیازی حکومت کا خاتمہ ہو جائیگا، روبینہ خالد

پی ڈی ایم کے تمام جلسے شیڈول کے مطابق ہوں گے
لانگ مارچ سے قبل نیازی حکومت کا خاتمہ ہو جائیگا، روبینہ خالد
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر روبینہ خالد نے ایبٹ آباد پریس کلب میں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پی ڈی ایم کی تحریک کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، نااہل قیادت نے ملک کو بحران سے دوچار کیا ہے، لانگ مارچ سے قبل نیازی حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا، میاں برادران کی والدہ کی وفات پر بھی سیاست کی گئی، کورونا وائرس کو اہمیت نہ دینے والے اب واویلا کر رہے ہیں کہ عوامی جلسوں کی وجہ سے اس کا پھیلاؤ ہو رہا ہے۔ کووڈ 19 کا علاج تو ہو جائے گا لیکن 2018ء کے کورونا کا علاج بھی لازمی ہے۔ ووٹ پر ڈاکہ قبول نہیں، کابینہ کے اجلاس ہو رہے ہیں لیکن حکومت اپنی نااہلی چھپانے کے لئے پارلیمنٹ کے اجلاس روکے ہوئے ہے۔ وفاقی حکومت نے کورونا سے بچاؤ کی کیا تیاریاں کیں۔؟ ہزارہ کے بڑے ہسپتال ایوب میڈیکل کمپلیکس میں سہولیات نام کی کوئی چیز نہیں، پی ڈی ایم کے جلسے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری گوہر انقلابی، سابق ایم پی اے ساجدہ تبسم، خواتین ونگ کی اشبر جدون، ضلعی صدر سردار ابرار احمد، جنرل سیکرٹری سرفراز خان جدون، ڈویزنل سیکرٹری اطلاعات فواد علی جدون اور پارٹی کے کارکنان کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ حکمران پی ڈی ایم کی تحریک کی وجہ سے سخت پریشان ہیں اور ملتان کے جلسہ میں پی پی پی کے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹوں اور مسلم لیگ نواز، جے یو آئی کے کارکنان کے خلاف مقدمات اور گرفتاریاں اس کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے کارکنان نے تمام تر پابندیوں کے باوجود جلسہ گاہ پہنچ کر یہ ثابت کیا وہ ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے پی ڈی ایم کے عوامی جلسوں کو کورونا وائرس پھیلاؤ کا موجب قرار دیا جارہا ہے جب کہ حکومت کے عوامی اجتماعات میں کورونا نہیں پھیلتا۔ سیکرٹری اطلاعات خیبر پختون خوا سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے اپوزیشن کے خلاف مختلف پراپیگنڈے کر رہی ہے جب کہ ان کی نااہلی کھل کر سامنے آچکی ہے، کرونا سے بچاؤ کے عملی اقدامات بروقت نہیں اٹھائے گے، خیبر پختون خوا کے عوام سات سال سے پی ٹی آئی حکومت کو جھیل رہے ہیں، جو ان سالوں میں کوئی میگا پراجیکٹ دینے میں کامیاب نہ ہو سکی، مالم جبہ، بی آر ٹی فارن فنڈنگ کیس، سمیت دیگر منصوبے کرپشن کے گڑھ ہیں۔ 
خبر کا کوڈ : 900866
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش