0
Monday 30 Nov 2020 21:48

کورونا سے پہلے عمران خان اور انکے وزیروں سے نجات دلائیں گے، میاں افتخار حسین

کورونا سے پہلے عمران خان اور انکے وزیروں سے نجات دلائیں گے، میاں افتخار حسین
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و ترجمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ کورونا سے پہلے عمران خان اور انکے وزیروں سے نجات دلائیں گے، پی ٹی آئی حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے جسے کسی بھی صورت نہیں مانتے۔ پی ڈی ایم ملک میں شفاف اور مداخلت سے پاک انتخابات چاہتی ہے۔ ملتان گھنٹہ گھر چوک میں پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ کہاں ہے وہ عمران جو کہتے تھے کہ 50 لوگ انکے خلاف کھڑے ہوئے تو وہ استعفٰی دے دیں گے، آج پورا پاکستان عمران خان کے خلاف اٹھ کھڑا ہے، کسان، اساتذہ، ڈاکٹرز، سرکاری ملازمین، تاجر غرض عام فرد بھی عمران خان سے نالاں ہے، باچا خان اور انکے ساتھیوں نے انگریزوں کو شکست دی، عمران خان جیسے لوگوں کو ہٹانا کوئی بڑی بات نہیں۔

میاں افتخار حسین نے کہا کہ جس طرح بینظیر بھٹو شہید کو واپس آنے سے ڈرایا گیا لیکن وہ نہیں ڈری، آج جمہوریت کی بحالی میں انکا خون شامل ہے۔ پی ڈی ایم آئین کی بالادستی چاہتی ہے، ایسا پاکستان جہاں تمام ادارے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر ملک کی ترقی کیلئے کام کریں، جمہوری راستے روکے جائیں گے تو بھی پی ڈی ایم غیر جمہوری راستہ اختیار نہیں کرے گی۔ ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، این ایف سی ایوارڈ میں حصہ نہیں دیا جارہا، ٹارگٹ کلنگ، لاپتہ افراد کے خلاف نکلے ہیں، اٹھارہویں آئینی ترمیم کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں جسے کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، پشاور میں ایف آئی آر کاٹنے والے سن لیں ہم جیل جانے کیلئے بھی تیار ہیں لیکن اس حکومت کو ماننے کیلئے تیار نہیں۔
خبر کا کوڈ : 900886
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش