QR CodeQR Code

ہماری پارٹی دفعہ 370 کی بحالی کیلئے قانونی لڑائی لڑنے کی وعدہ بند ہے، سید الطاف بخاری

1 Dec 2020 10:57

پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر کیلئے ریاستی درجہ کی بحالی یقینی بنائے گی اور تب تک پارٹی جموں و کشمیر کے شہریوں کی اراضی اور ملازمت کا تحفظ فراہم کرنے کیلئے کام کریگی۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ اُن کی جماعت جموں و کشمیر میں عوام کو سیاسی طور پر با اختیار بنانے کے لئے جدوجہد کرے گی جو کہ گزشتہ برس ریاست سے بھارتی زیر انتظام علاقہ میں تبدیلی کے بعد سے بے اختیار ہے۔ ڈی ڈی سی انتخابات کے سلسلہ میں اننت باگ کے کھنہ بل میں منعقدہ ایک پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر کے لئے ریاستی درجہ کی بحالی یقینی بنائے گی اور تب تک پارٹی جموں و کشمیر کے شہریوں کی اراضی اور ملازمت کا تحفظ فراہم کرنے کے لئے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی 5 اگست 2019ء کو جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ دن مانتی ہے، جس دن نہ صرف دفعہ 370 اور 35-A ختم کیا گیا بلکہ ہماری ریاست کو دو پھاڑ کر کے دو مرکزی زیرانتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی عدالت عظمٰی میں خصوصی درجہ کی بحالی کے لئے قانونی لڑائی لڑنے کی وعدہ بند ہے اور جب تک یہ حاصل نہیں ہوجاتا، ہم ہاتھوں پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کو اُمید ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے بڑی راحت لیکر آئے گا، گذشتہ سال جو سیاسی فیصلے لئے گئے، وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے کوئی آسان بات نہیں، ہم 5 اگست 2019ء کے فیصلوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار نہیں کرسکتے، ہمیں اراضی اور ملازمتوں پر ہمارے ڈومیسائل حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی۔

سید الطارف بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی نے وضاحت کے ساتھ یہ کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی زمین پر ڈومیسائل قوانین ناقابل قبول ہیں اور اِن میں جموں و کشمیر کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق ترمیم کی ضرورت ہے،اگرچہ زرعی اراضی کو فروخت کرنے پر بہت زیادہ سیف گارڈز دیئے گئے ہیں جو کہ جموں و کشمیر کے غیر مقامی کو منتقل نہیں کی جاسکتی، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر میں زمین سے متعلق مکمل تحفظاتی قانون ہو۔ سید الطاف بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی عوام سے کوئی ایسا وعدہ نہیں کرے گی جو وہ پورا نہیں کرسکتی، ہماری جماعت کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتی، ہم لوگوں سے کئے ہوئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے وعدہ بند ہیں۔


خبر کا کوڈ: 900967

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/900967/ہماری-پارٹی-دفعہ-370-کی-بحالی-کیلئے-قانونی-لڑائی-لڑنے-وعدہ-بند-ہے-سید-الطاف-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org