QR CodeQR Code

شہید فخری زادہ کو موساد نے الیکٹرانک آلات کے ذریعے نشانہ بنایا، مجرموں کی شناخت کر لی ہے، علی شمخانی

1 Dec 2020 18:21

ایرانی سپریم لیڈر کے خصوصی نمائندے اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے ممتاز ایرانی سائنسدان کی ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ دار اسرائیلی جاسوس تنظیم موساد کو قرار دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ اس کارروائی میں ملوث مجرموں کا پتہ لگا لیا گیا ہے اور انکے گرد مسلسل گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے جبکہ اس مرتبہ دشمن نے اپنی انتہائی پیچیدہ کارروائی میں الیکٹرانک آلات استعمال کئے ہیں اور جائے وقوعہ پر حملہ آوروں میں سے کوئی موجود نہ تھا۔


اسلام ٹائمز۔ ایرانی سپریم لیڈر کے خصوصی نمائندے اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ علی شمخانی نے ممتاز ایرانی سائنسدان محسن فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کی تفتیش میں حاصل ہونے والی پیشرفت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی اسرائیلی جاسوس تنظیم موساد نے الیکٹرانک آلات کی مدد سے انجام دی ہے جبکہ اس میں ملک کے اندر موجود منافقین (دہشتگرد) بھی براہ راست ملوث ہیں۔ علی شمخانی نے میڈیا سے گفتگو میں تاکید کی کہ دشمن گذشتہ 20 سال سے محسن فخرزی زادہ کو شہید کرنے کی کوششوں میں مصروف تھا اور اس مقصد کے لئے اس نے بارہا کارروائیاں بھی انجام دیں جن کو ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بھی ان پر ہونے والے حملے کے مقام کی پیشگی اطلاع مل چکی تھی تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ گذشتہ ایک عرصے کے ناکام حملوں کے تناظر میں موصول ہونے والی تازہ رپورٹ پر قابل قدر سنجیدگی حاصل نہ ہو پائی جس کے باعث اس مرتبہ دشمن اپنے مذموم ہدف میں کامیاب ہو گیا ہے۔



ایرانی قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ موصول ہونے والی تازہ رپورٹس کے بعد محسن فخری زادہ کی سکیورٹی میں تبدیلیاں کر کے اسے مزید بہتر بنا دیا گیا تھا تاہم دشمن نے اس مرتبہ ایک بالکل نیا، پیشہ ورانہ اور خصوصی انداز اپناتے ہوئے گذشتہ 20 سالوں پر مبنی اپنے مذموم مقصد کو حاصل کر لیا ہے۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق علی شمخانی نے کہا کہ اس کارروائی میں ملوث مجرموں کا پتہ لگا لیا گیا ہے اور ان کے گرد مسلسل گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ دشمن نے اپنی انتہائی پیچیدہ کارروائی میں الیکٹرانک آلات استعمال کئے ہیں اور جائے وقوعہ پر حملہ آوروں میں سے کوئی موجود نہ تھا۔ انہوں نے غاصب صیہونی رژیم کو اس کارروائی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کی اس کارروائی میں منافقین (دہشتگرد) ملوث ہیں جبکہ یہ پوری کارروائی موساد کی جانب سے انجام دی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 901054

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901054/شہید-فخری-زادہ-کو-موساد-نے-الیکٹرانک-آلات-کے-ذریعے-نشانہ-بنایا-مجرموں-کی-شناخت-کر-لی-ہے-علی-شمخانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org