QR CodeQR Code

اقوام متحدہ کے رکن ملک کے اعلی عہدیدار کی ٹارگٹ کلنگ انتہائی خطرناک کھیل ہے، علیرضا میریوسفی

1 Dec 2020 19:11

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کے ترجمان نے امریکی میڈیا کو ارسال کئے گئے اپنے خط میں اسرائیل کیجانب سے ممتاز ایرانی سائنسدان محسن فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کو پینڈورا باکس کھولنے کے مترادف اور ایک انتہائی خطرناک کھیل قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس کارروائی کے انتہائی سنگین اور خطرناک نتائج کو صرف "بےعقل" اور "آخری زمانے سے تعلق رکھنے والے افراد" (Apocalyptic People) ہی پس پشت ڈال سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کے ترجمان علی رضا میریوسفی نے امریکی میڈیا کو ارسال کئے گئے اپنے خط میں اسرائیل کی جانب سے ممتاز ایرانی سائنسدان محسن فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کا مقصد خطے کی الجھی سکیورٹی صورتحال کو مزید الجھانا اور سفارتکاری کے تمام رستے بند کرنا قرار دیا ہے۔ علی رضا میریوسفی نے وال اسٹریٹ جورنل کو لکھے گئے اپنے خط میں تحریر کیا ہے کہ "بائیڈن، ایران اور بم" کے عنوان سے 28 نومبر کے روز چھپنے والا شرمناک اور غیرانسانی اداریہ ایک ممتاز سائنسدان کی وحشیانہ ٹارگٹ کلنگ کو جواز فراہم کرنے اور مجرم صیہونی رژیم اسرائیل اور اس کے اتحادیوں کو ٹارگٹ کلنگ کی مزید کارروائیوں پر شہہ دینے کے مذموم اقدام کے علاوہ کچھ نہیں۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کے ترجمان نے اپنے خط میں لکھا کہ اقوام متحدہ کے رکن ملک کے اعلی عہدیدار کی، ملکی سرزمین پر ٹارگٹ کلنگ نہ صرف پینڈورا باکس کھولنے کے مترادف بلکہ ایک انتہائی خطرناک کھیل ہے جبکہ اس کارروائی کے انتہائی سنگین اور خطرناک نتائج کو صرف "بےعقل" اور "آخری زمانے سے تعلق رکھنے والے افراد" (Apocalyptic People) ہی پس پشت ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خط میں لکھا کہ اسرائیل کی جانب سے ڈیزائن کی گئی اس گھناؤنی کارروائی کا مقصد بلاشک و شبہ خطے کی ابتر صورتحال کو مزید خراب کرنا اور سفارتکاری کے ممکنہ تمام رستوں کو مسدود کر دینا ہے۔

علی رضا میر یوسفی نے میڈیا کو متنبہ کرتے ہوئے لکھا کہ محسن فخری زادہ نہ صرف ایک ممتاز سائنسدان بلکہ تمام ایرانیوں کے قومی ہیرو تھے جبکہ ملک کے لئے انجام دی جانے والی ان کی آخری خدمات میں ان کی جانب سے تیار کردہ کرونا وائرس کی تشخیصی کٹ بھی شامل ہے۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کے ترجمان نے لکھا کہ اپنی شہادت کے وقت وہ کرونا وائرس کی ویکسین کی تیاری میں مصروف تھے جو انسانی آزمائش پر مبنی اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ انہوں نے ایرانی جوہری ٹیکنالوجی کی پیشرفت کے خلاف دشمن کی جانب سے انجام دیئے جانے والے غیر انسانی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ محسن فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ سے ایران کے مکمل پرامن جوہری پروگرام پر بالکل ویسے ہی کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا جیسا کہ قبل ازیں ایران کے متعدد جوہری سائنسدانوں کی ٹارگٹ کلنگ سے ملک کی جوہری سرگرمیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔


خبر کا کوڈ: 901059

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901059/اقوام-متحدہ-کے-رکن-ملک-اعلی-عہدیدار-کی-ٹارگٹ-کلنگ-انتہائی-خطرناک-کھیل-ہے-علیرضا-میریوسفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org