0
Tuesday 1 Dec 2020 22:31
دنیا میں ہم تنہا ہو کر رہ گئے ہیں

آج عرب امارات سمیت سعودی عرب، ایران و دیگر ممالک ہم سے منہ موڑ چکے ہیں، سراج الحق 

ہم کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں
آج عرب امارات سمیت سعودی عرب، ایران و دیگر ممالک ہم سے منہ موڑ چکے ہیں، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مہنگائی اور بے روزگاری کیخلاف گوجرانوالہ سے تحریک چلانے کا باقاعدہ آغاز کرے گی، جس کی حکمت عملی طے کر لی گئی ہے اور کرونا وبا کے باعث آئندہ دو ہفتوں کے بعد جلسہ کرے گی، ہم الگ صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کے لئے عوامی مہم چلائیں گے، تحصیل و ضلع کی سطح پر احتجاج بھی کریں گے، چاہے ہمیں جیلوں میں ہی کیوں نہ جانا پڑے، سیاسی جماعتیں آئندہ ہونے والے عام انتخابات شفاف انداز میں کرانے کے لئے جہدوجہد کریں، کیونکہ جب تک شفاف انداز میں الیکشن نہیں ہوں گے، عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، موجودہ حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے کارندوں کو پاکستان میں بٹھا کر معیشت کا بیڑہ غرق کر رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ خارجہ محاذ پر بھی ہم ناکام ہوچکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج عرب امارات سمیت سعودی عرب، ایران و دیگر ممالک ہم سے منہ موڑ چکے ہیں، دنیا میں ہم تنہا ہو کر رہ گئے ہیں۔

850 دنوں میں نیازی حکومت ایک فلاحی منصوبہ تک نہیں بنا سکی، شیخ رشید، اسد عمر سمیت دیگر پی ٹی آئی وزراء کی معاشی پالیسیوں کی ناکامی سے ثابت ہوگیا ہے کہ موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے سے قبل جو سہانے وعدے کئے تھے، وہ ان میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، پی ڈی ایم کے جلسے، جلوس ہوں یا کسی اور جماعت کے، پابندیوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، پی ڈی ایم کے جلسہ پر پابندی لگا اور گرفتاریاں کرکے موجودہ حکومت نے غیر آئینی و غیر جمہوری راستہ اختیار کیا، گرفتار رہنماوں و کارکنوں کو رہا کیا جائے اور ان پر درج مقدمات فی الفور خارج کئے جائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالسلام میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم، صوبائی سیکرٹری جنرل صہیب عمار صدیقی، ضلعی امیر ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، سیکرٹری اطلاعات جنوبی پنجاب کنور محمد صدیق بھی موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ میری حکومت میں اگر جلسے جلوس ہوئے تو کنٹینر بھی دوں گا اور چائے پانی بھی، مگر اس کے برعکس صورتحال قوم کے سامنے آگئی، ایسے محسوس ہوتا ہے کہ جیسے مارشل لاء کا دور ہو، ہم حکومتی اقدامات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا سابق و موجودہ حکمرانوں نے استحصال کیا اور اس خطہ کے وڈیرے، جاگیردار، سرمایہ دار صرف اپنے ہی رشتہ داروں کو اسمبلیوں میں لائے، لیکن ایک عام ورکر کو اپنی پارٹی میں آگے تک آنے کی جگہ نہیں دی۔ یہی وجہ ہے کہ آج 70 سال گزرنے کے باوجود جنوبی پنجاب کی عوام انتہائی پسماندگی کا شکار ہے، حالانکہ یہ زرعی خطہ ہے، لیکن کسان حکومت کی معاشی بدحالی کی وجہ سے بدحالی کا شکار ہے اور بجٹ میں کبھی بھی جنوبی پنجاب کے لئے الگ بجٹ نہیں رکھا گیا، یہاں تک کہ نہ آبادی کے لحاظ سے اور نہ ہی ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں رکھا گیا ہے، طویل عرصہ سے ایک میگا پراجیکٹ تک جنوبی پنجاب میں نہیں لایا گیا، جماعت اسلامی کرونا وباء کے باعث آئندہ دو ہفتوں کے بعد الگ صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام اور مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف پنجاب میں اپنی تحریک کا آغاز کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ یہاں کے جاگیرداروں، وڈیروں، سرمایہ داروں نے اپنی شوگر ملوں، کارخانوں، بینکوں، جائیدادوں میں تو اضافہ کرلیا مگر غریب مزدور، کسان، نوجوان کی حالت نہیں بدلی، حالانکہ عالمی سروے کے مطابق جنوبی پنجاب کے خطہ کے نوجوان باصلاحیت اور پڑھے لکھے ہیں۔ ہم الگ صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کے لئے عوامی مہم چلائیں گے، تحصیل و ضلع کی سطح پر احتجاج بھی کریں گے، چاہے ہمیں جیلوں میں ہی کیوں نہ جانا پڑے۔ سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے 1کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا، 100 دنوں میں الگ صوبہ بنانے کا اعلان کیا، لیکن حکومت نہ تو الگ صوبہ بنا سکی اور نہ ہی 1 گھر یا 1 نوکری دے سکی۔ اگر عالمی سطح پر جھوٹوں کا مقابلہ کیا جائے تو موجودہ حکومت جھوٹ میں ورلڈ کپ جیت جائے گی۔ افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بیانیہ سے بھی پھر گئی ہے اور اب آزاد کشمیر کو الگ صوبہ بنانے پر غور کر رہی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، موجودہ حکومت کے آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں ہے اور ہم کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں، خون کے آخری قطرے تک کشمیر کی آزادی کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 901089
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش