QR CodeQR Code

امہ اور امن پسند دنیا کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، علامہ عارف واحدی

محسن فخری زادہ کا بہیمانہ قتل کھلی زیادتی اور بین الاقوامی جرم ہے، علامہ ساجد نقوی

1 Dec 2020 22:44

اپنے ایک تعزیتی پیغام میں ایس یو سی کے قائد نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ انکی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس سانحہ کی کھلی تحقیقات کرائیں اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں، تاکہ دنیا کو افراتفری اور بدامنی سے بچایا جاسکے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ انسانی فطرت کا تقاضا ہے کہ کوئی انسان کسی دوسرے بے گناہ انسان کی جان نہیں لے سکتا جبکہ سائنسدانوں، دانشوروں، اسکالرز، علماء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جان لینا بہت بڑی زیادتی ہے، کیونکہ یہ شخصیات اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے انسانیت کی خدمت پر مامور ہوتی ہیں اور ایسے افراد کا قتل کھلی زیادتی کے ساتھ قومی و بین الاقوامی جرم تصور کیا جاتا ہے۔ لہٰذا ایسے قبیح فعل کے مرتکب مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوتے، کیونکہ اگر ایسے دہشت گردوں اور مجرموں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا جائے تو دنیا کا امن برقرار رہ سکتا ہے، نہ ہی انسانی معاشرہ ایسے درندوں کو برداشت کرسکتا ہے۔ انہوں نے محسن فخری زادہ کی شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس سانحہ کی کھلی تحقیقات کرائیں اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں، تاکہ دنیا کو افراتفری اور بدامنی سے بچایا جاسکے۔

دریں اثناء علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ شہید محسن فخری زادہ نے اپنے ملک و قوم کیلئے جو خدمات سرانجام دیں، وہ قابل تعریف ہیں اور انہوں نے ملک کو سائنسی میدان میں مستحکم اور ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اپنی قیمتی جان تک قربان کر دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید محسن فخری زادہ کی شہادت کی کڑیاں صہیونی دہشتگردوں کی جانب جا رہی ہیں، جن کا مقصد ایران کو کمزور کرنا ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا ارتکاب چاہے وہ کسی شخص یا حکومت کی جانب سے کیا جائے، ایک بین الاقوامی جرم اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، سلامتی کونسل سمیت دیگر عالمی اداروں کو نوٹس لینا چاہیئے۔ اس وقت عالمی سامراج نہیں چاہتا کہ کوئی مسلم ریاست ایٹمی طاقت بن سکے۔ امہ اور امن پسند دنیا کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔


خبر کا کوڈ: 901095

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901095/محسن-فخری-زادہ-کا-بہیمانہ-قتل-کھلی-زیادتی-اور-بین-الاقوامی-جرم-ہے-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org