0
Tuesday 1 Dec 2020 22:54

ایم ڈبلیو ایم جی بی کے ترجمان الیاس صدیقی وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی مقرر

ایم ڈبلیو ایم جی بی کے ترجمان الیاس صدیقی وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی مقرر
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا۔ منگل کے روز جی بی کے نو منتخب وزیراعلیٰ خالد خورشید نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، جس کے فوری بعد ہی وزیراعلیٰ نے الیاس صدیقی کو اپنا معاون خصوصی مقرر کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ الیاس صدیقی کی تقرری تحریک انصاف اور ایم ڈبلیو ایم کے سیاسی اتحاد کے فارمولے کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ جی بی کے عام انتخابات میں ایم ڈبلیو ایم اور تحریک انصاف کا انتخابی اتحاد عمل میں آیا تھا، جس کے تحت چوبیس میں سے صرف تین حلقوں میں ایم ڈبلیو ایم نے اپنے امیدوار کھڑے کیے تھے جبکہ باقی تمام حلقوں میں تحریک انصاف کے حق میں دستبردار ہوگئی تھی۔

سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے اعلان کے موقع پر تحریک انصاف اور ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنمائوں نے پریس کانفرنس کے دوران ہی اعلان کیا تھا کہ گلگت حلقہ ایک میں ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار محمد الیاس صدیقی تحریک انصاف کے حق میں دستبردار ہونگے اور اس کے بدلے انہیں وزیراعلیٰ کا مشیر بنایا جائے گا۔ دونوں جماعتوں کے اتحاد کے نتیجے میں تحریک انصاف نے نگر پانچ، سکردو حلقہ دو سے اپنے امیدواروں کو ایم ڈبلیو ایم کے حق میں دستبردار کروایا تھا جبکہ ایم ڈبلیو ایم نے نگر، سکردو حلقہ دو اور روندو کے حلقوں کے علاوہ دیگر تمام حلقوں میں تحریک انصاف کی حمایت کی تھی۔ انتخابات کے نتیجے میں ایم ڈبلیو ایم نگر اور روندو سے ہار گئی جبکہ سکردو حلقہ دو میں ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار میثم کاظم کامیاب ہوئے تھے۔ دونوں جماعتوں کے انتخابی اتحاد کے فارمولے کے تحت ایم ڈبلیو ایم کو اسمبلی میں ایک ٹیکنوکریٹ اور ایک خواتین کی مخصوص سیٹ بھی دی گئی ہے۔

منگل کے روز الیاس صدیقی کو وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی بنا دیا گیا۔ اس طرح ایم ڈبلیو ایم جی بی حکومت کا باقاعدہ حصہ بن گئی ہے۔ یاد رہے کہ محمد الیاس صدیقی سابق چیئرمین بلدیہ رہ چکے ہیں۔ 2015ء کے انتخابات میں انہوں نے حلقہ دو گلگت سے حصہ لیا تھا اور دو ہزار سے زائد ووٹ لیے تھے، تاہم ان کے حلقے سے نون لیگ کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ 2020ء کے عام انتخابات میں الیاس صدیقی حلقہ ایک گلگت سے ایم ڈبلیو ایم کے امیدوار تھے اور وہ گذشتہ پانچ سالوں سے اپنے حلقے میں انتخابی مہم چلا رہے تھے۔ الیکشن سے پہلے جب تحریک انصاف کے ساتھ ایم ڈبلیو ایم کا اتحاد ہوا تو الیاس صدیقی کو تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونا پڑا۔ تاہم ان کے حلقے سے پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر اور موجودہ اپوزیشن لیڈر امجد حسین ایڈووکیٹ کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے۔
خبر کا کوڈ : 901098
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش