QR CodeQR Code

کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا حتمی فریم ورک تیار

1 Dec 2020 23:07

ذرائع کے مطابق بے گھر خاندانوں کے لئے کثیر منزلہ فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے، جس کے منصوبے کے لئے وفاقی حکومت فنڈز دے گی۔ حتمی فریم ورک میں کراچی کے ندی نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کی ذمہ داری سندھ حکومت کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا حتمی فریم ورک تیار کرلیا گیا، وفاقی حکومت نے کراچی کے بے گھر افراد کی بحالی کا ٹاسک نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔ فریم ورک پر عمل درآمد کی کل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور پھر وفاقی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق فریم ورک میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے بے گھر افراد کی بحالی کے لئے فنڈز وفاقی حکومت اور اراضی کی فراہمی سندھ حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔ ذرائع کے مطابق بے گھر خاندانوں کے لئے کثیر منزلہ فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے، جس کے منصوبے کے لئے وفاقی حکومت فنڈز دے گی۔ حتمی فریم ورک میں کراچی کے ندی نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کی ذمہ داری سندھ حکومت کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  وفاقی حکومت نے کراچی منصوبوں پر فوری عمل درآمد این ڈی ایم اے، وزارت آبی وسائل، ایس آئی ڈی سی ایل اور ریلویز سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی واٹر سپلائی منصوبے کے لئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی جبکہ کراچی سرکلر ریلوے( کے سی آر) اور گرین لائن بس منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے فنڈز فوری طور پر دیئے جائیں گے۔ وفاقی حکومت نے کراچی پورٹ سے پپری تک ڈبل ریلوے لائن ٹریک کے لئے فنڈ فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت 3 برس میں کراچی کے بڑے منصوبوں کے لئے 739 ارب روپے دے گی، یہ فنڈز پی ایس ڈی پی، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر معاشی ٹیم نے سفارش کی کہ عالمی مالیاتی اداروں سے بھی اس حوالے سے فنڈز حاصل کئے جائیں۔


خبر کا کوڈ: 901105

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901105/کراچی-ٹرانسفارمیشن-پلان-کا-حتمی-فریم-ورک-تیار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org