QR CodeQR Code

حکومت کا پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ نہ روکنے کا اعلان

1 Dec 2020 23:35

پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی کرپشن بچانے کیلئے ناٹک کر رہی ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے، لیکن ملک میں کھلم کھلا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ، یہ سلسلہ جاری رہا تو مسائل بڑھیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے حزب اختلاف کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا لاہور جلسہ نہ روکنے کا اعلان کر دیا۔ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جلسے جلوسوں پر پابندی ہے، لیکن پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ نہیں روکیں گے بلکہ کسی کو بھی جلسے سے نہیں روکیں گے، عوام ان لوگوں کا خود احتساب کریں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی کرپشن بچانے کے لیے ناٹک کر رہی ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے، لیکن ملک میں کھلم کھلا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، یہ سلسلہ جاری رہا تو مسائل بڑھیں گے۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، ایسے وقت میں جلسے نہ معیشت کے مفاد میں ہیں نہ ملک کے، بلکہ یہ جلسے صحت عامہ کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جلسے جلوسوں پر پابندی کے باوجود عوام کو کورونا میں جھونک رہی ہے، کل ملتان کا جلسہ مکمل طور پر ناکام تھا اور اس میں بھی مریم نواز سمیت تمام رہنماؤں نے جھوٹ بولے، ملتان کے عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کر دیا اور اس میں شرکت نہیں کی، اس جلسے کے لیے 3 ہزار لوگ سندھ سے لائے گئے تھے، اس وبا میں ضابطہ کار کی خلاف ورزی جاری رہی تو مسائل بڑھیں گے۔ دوسری جانب لاہور انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ 13 دسمبر کو پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت نہیں دے رہے، کیونکہ حکومت کی جانب سے پنجاب بھر میں جلسوں پر پابندی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون کی جانب سے جلسے کی درخواست موصول ہوئی ہے، لیکن کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر اجازت نہیں دی جاسکتی۔


خبر کا کوڈ: 901114

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901114/حکومت-کا-پی-ڈی-ایم-لاہور-جلسہ-نہ-روکنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org