0
Tuesday 1 Dec 2020 23:36

سعودی رژیم تاحال 2 لاکھ 20 ہزار بیگناہ یمنی شہریوں کی جان لے چکی ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ

سعودی رژیم تاحال 2 لاکھ 20 ہزار بیگناہ یمنی شہریوں کی جان لے چکی ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی جانب سے یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ کے باعث جانبحق ہونے والے غیر فوجی یمنی شہریوں کے اعداد و شمار کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور کی رابطہ کاری (United Nations Office for the Coordination of Humanitarian Affairs-UNOCHA) کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں اعلان کیا گیا ہے کہ جارح سعودی عرب کی طرف سے یمن پر مسلط کردہ وحشتناک جنگ کے باعث تاحال 2 لاکھ 23 ہزار بیگناہ یمنی شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ یمنی آبادی کا 80 فیصد حصہ فوری طور پر انسانی امداد کا محتاج ہے۔ اوچا (OCHA) نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ یمنی بحران اب ایک ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں سے واپسی نا ممکن ہے لہذا یمن پر مسلط کردہ جنگ کو فوری طور پر روک دیا جائے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز اقوام متحدہ کے ذیلی دفتر اوچا (OCHA) اور یمن میں اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ میں چند روز قبل ہونے والی سعودی بمباری کی شدید مذمت کی گئی تھی جس میں 14 خواتین و بچے جانبحق ہوئے تھے۔ اقوام متحدہ کے ذیلی دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں تاکید کی گئی تھی کہ بیگناہ یمنی خواتین و بچوں پر ہونے والا یہ حملہ ناقابل قبول و ناقابل توجیہ ہے۔ اس بیان میں یمنی خواتین و بچوں پر ہونے والے حملے کو "وحشتناک" اور "انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی" قرار دیتے ہوئے تاکید کی گئی تھی کہ غیر فوجی شہریوں کی ہلاکت پر حملہ آور فریق کو جوابدہ ہونا چاہئے۔

یاد رہے کہ امیر ترین مسلم ملک سعودی عرب کی آمر شاہی رژیم کی سربراہی میں بننے والے "امریکہ" و "برطانیہ" سمیت 12 ممالک اور "القاعدہ" و "مجاہدین خلق" سمیت 3 دہشتگرد تنظیموں کے فوجی اتحاد کی جانب سے یمن کی مستعفی جمہوری حکومت کی حمایت کے بہانے 6 سال قبل سے غریب ترین مسلم ملک یمن پر وحشتناک جنگ مسلط کی گئی ہے جس کے باعث نہ صرف لاکھوں بیگناہ یمنی شہری شہید اور دسیوں لاکھ زخمی ہو چکے ہیں بلکہ پورے ملک کا انفراسٹرکچر تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ یمن کے سخت سرحدی محاصرے کے باعث ملک میں غذا اور ایندھن کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کے باعث یمنی عوام تاریخ کے سب سے بڑے انسانی المیے کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 901115
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش