QR CodeQR Code

موجودہ حکومت خارجہ محاذ میں کہیں بھی نہیں ہے

یہ غلط ہے کہ ہم اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کر رہے اور فلسطین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، مولانا فضل الرحمان

ہم شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے لیکن پرامن ہیں، سخت مشکلات بھی سامنے آرہی ہیں

1 Dec 2020 23:48

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 8 دسمبر کو اسلام اباد میں پی ڈی ایم کا اجلاس ہوگا، اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائیگا، لانگ مارچ ہمارا آخری مرحلہ ہوگا، حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے۔ 


اسلام ٹائمز، اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملتان میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو پی ڈی ایم کے کامیاب جلسے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، کل کے جلسے سے عوام اور کارکن فتحیاب ہوگئے، ہم نے کہا تھا کہ جلسہ ہوکر رہے گا اور ہوا، ہم نے اس کے لیے جیلیں کاٹیں، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے گرفتار ہوئے اور جیل بھی گئے لیکن پیچھے نہیں ہٹے، پی ڈی ایم کا یہ نظام آگے بڑھتا جائے گا۔ مولانا نے مزید کہا کہ 8 دسمبر کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا اجلاس ہوگا، اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا، ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ لانگ مارچ ہمارا آخری مرحلہ ہوگا، حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملتان کے جلسے کی میزبانی دینے پر ہم پی ڈی ایم کے مشکور ہیں، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ دو جلسوں کی میزبانی کرنے دیں، پہلا جلسہ کراچی میں پیپلزپارٹی کی میزبانی میں ہوا جبکہ دوسرا جلسہ ملتان میں ہوا۔

یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ جلسہ گاہ میں بجلی، پانی بند کر دیا گیا، ٹرانسپورٹ پر کریک ڈاون ہوا، کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، بیان حلفی لئے گئے، کارکنوں سے کہا کہ جلسے میں شرکت پر تاوان دینا ہوگا، چودہ سال کے بچوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، ایسا ڈکٹیٹر شپ کے دور میں بھی نہیں ہوا۔ ہم پر تنقید کی جاتی رہی کہ اپنے بچوں کو نہیں نکالتے، میرے بچے بھی جلسے میں موجود تھے، آصفہ بھٹو بھی آئیں، جب پی ڈی ایم جلسہ کر رہی تھی پشاور میں تو اس وقت ایک اور جلسہ بھی ہو رہا تھا، یہ ڈبل سٹینڈرڈ اور دوہرا معیار لوگ سمجھ چکے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جلسہ گاہ کے قریب آتشزدگی کے نتیجے میں جو نقصان ہوا، ہماری ہمدردیاں اُن کے ساتھ ہیں، ملتان کا جلسہ کرکے ہم نے حکومتی عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے، انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے گھنٹہ گھر جلسہ کیا، ہم شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں لیکن پرامن ہیں، سخت مشکلات بھی سامنے آ رہی ہیں، لیکن عوام کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں، حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کریں گے، ہم فلسطین کی آزادی کی بات کر رہے ہیں، آج ہم قبلہ اول کو بھول بیٹھے ہیں، سب سے پہلے بات فلسطین کی آزادی کی جائے گی، یہ غلط ہے کہ ہم اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کر رہے ہیں اور فلسطین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، موجودہ حکومت خارجہ محاذ میں کہیں بھی نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 901118

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901118/یہ-غلط-ہے-کہ-ہم-اسرائیل-کو-تسلیم-کرنے-کی-باتیں-کر-رہے-اور-فلسطین-پیچھے-چھوڑ-دیا-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org