1
Tuesday 1 Dec 2020 23:48

فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ "ایران کیخلاف اسرائیل کیساتھ اتحاد" پر نظرثانی کا تقاضا کرتی ہے، عمر عیاصرہ

فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ "ایران کیخلاف اسرائیل کیساتھ اتحاد" پر نظرثانی کا تقاضا کرتی ہے، عمر عیاصرہ
اسلام ٹائمز۔ اردن کے رکن پارلیمنٹ اور معروف لکھاری عمر عیاصرہ نے اردن کی جانب سے ممتاز ایرانی جوہری سائنسدان کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کو ایک مثبت اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمان کا یہ اقدام کامیابی کی جانب ایک قدم ہے، کیونکہ دہشتگردی اور دہشتگرد کارروائیوں کی مذمت کے ساتھ جڑا اردن کا امن و امان انتہائی اہم ہے۔ عرب ای مجلے الخلیج الجدید کے مطابق اردن کے رکن پارلیمنٹ نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں تاکید کی ہے کہ ڈاکٹر محسن فخری زادہ ایران کے نیوکلیئر پراجیکٹ کے حقیقی بانی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اردن ان کی ٹارگٹ کلنگ کو ایک خطرناک تناؤ کا باعث جانتا ہے، جو جنگ کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ اردن نے سب فریقوں، خصوصاً ایران و اسرائیل کو صبر و تحمل اور تناؤ میں اضافہ نہ کرنے کی تلقین کی ہے جبکہ دنیا اس حوالے سے پریشان ہے کہ اسرائیل کوئی ایسا کام نہ کرے، جس کے سبب امریکہ ایران پر حملہ کر دے۔

اردنی رکن پارلیمنٹ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کی یہ کارروائی ایک بہت بڑے تناؤ کا سبب ہے، جسے غاصب صیہونی رژیم اپنے فائدے کے لئے استعمال کرتے ہوئے اس کوشش میں مصروف ہے کہ کسی طرح ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی اس میں الجھا لے اور یہی وجہ ہے کہ اردن ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہا ہے۔ عمر عیاصرہ نے "صیہونی جال میں نہ پھنسنے" پر مبنی اردن کو ایرانی نصیحت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اردن کی جانب سے ڈاکٹر فخری زادہ کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت نے صیہونیوں سمیت خطے کے دوسرے فریقوں کو یہ پیغام پہنچا دیا ہے کہ "ایران کیخلاف اسرائیلی اتحاد میں شمولیت پر گہری نظرثانی" کی اشد ضرورت ہے، جبکہ ٹارگٹ کلنگ کی یہ کارروائی بھی اسی بات کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں تاکید کی کہ ہم اقتدار کے آخری دنوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کے رویئے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ ٹارگٹ کلنگ اور خطے میں (جیئرڈ) کشنر کے دورے تشویش کا باعث ہیں۔
خبر کا کوڈ : 901231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش