0
Wednesday 2 Dec 2020 16:43

عمران حکومت عالمی مالیاتی اداروں کے استحصالی ایجنڈے کی محافظ ہے، جماعت اسلامی

عمران حکومت عالمی مالیاتی اداروں کے استحصالی ایجنڈے کی محافظ ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے سوئی نادرن گیس کمپنی اور سوئی سدرن کمپنی کی جانب سے ٹیکسٹائل ملز اور سی این جی اسٹیشنوں سے 50 ارب روپے کی بقایاجات وصول کرنے کی بجائے کمپنی کو خسارے میں ظاہر کرکے بقایاجات عوام سے وصول کرنے کی منصوبہ بندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور کاری ضرب ہے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ عوام کا مسلسل استحصال کرنے والے موجودہ حکمران ہرگز صادق اور امین نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کے استحصالی ایجنڈے کی سب سے بڑی محافظ ہے، ایک جانب حکومت عوامی حقوق کے تحفظ اور ریلیف دینے کا ڈھنڈورا پیٹنے میں مصروف ہے، جبکہ اس کی ناک کے نیچے سرکاری محکمے عوام کی کھال اتارنے کیلئے نت نئے منصوبے بنانے اور مہنگائی کے مزید کوڑے برسانے کیلئے ہمہ وقت جوڑتوڑ میں مصروف ہیں۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ اور فراڈ پر مبنی یہ ناروا طرز عمل محض ایک ادارے کا نہیں، بلکہ حکومتی تمام اداروں اور کرپٹ مافیا میں سرایت کر چکا ہے، جس نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، اسی کا نتیجہ ہے کہ بے ایمانی اور بددیانت اشرافیہ کی وجہ سے آج وطن عزیز شدید مشکلات کا شکار اور بحیثیت قوم ہم پے درپے بحرانوں کی زد میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور بے لگام بیوروکریسی عوام کے منہ سے آخری نوالہ چھیننے کیلئے آئے روز نت نئے طریقوں سے جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے اور مہنگائی کا کوڑا برسانے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ایما پر بجلی، گیس مہنگی اور بے جا ٹیکسز لاگو کرکے عام آدمی کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے، سوئی گیس کمپنیوں کی جانب سے عوام کو لوٹنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کی جوابدہی عمران خان اور پی ٹی آئی کو آئندہ انتخابات میں دینی ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 901233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش