0
Wednesday 2 Dec 2020 22:55

جاگیرداروں اور استعمار کے نمائندوں نے چولستان کو غیرملکی شہزادوں کے حوالے کردیا، سینیٹر سراج الحق

جاگیرداروں اور استعمار کے نمائندوں نے چولستان کو غیرملکی شہزادوں کے حوالے کردیا، سینیٹر سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صورت میں ایک مصیبت عوام پر مسلط ہے، حکمران ٹولے نے لاکھوں لوگوں سے روزگار چھین لیا، غریب زندہ رہنے کے لیے خوراک خرید سکتا ہے نہ دوائی۔ لینڈ، ڈرگ، شوگر اور آٹا مافیا کا راج ہے اور عوام بے بس۔ گزشتہ حکومتوں کے ادوار میں بھی عوام پر ظلم ہو رہا تھا، اب پی ٹی آئی کے دور میں بھی وہی داستان جاری ہے۔ جاگیرداروں اور استعمار کے نمائندوں نے چولستان کو غیرملکی شہزادوں کے حوالے کردیا ہے جبکہ چولستان کا اپنا شہزادہ اور شہزاد ی خوراک اور پینے کے پانی کے لیے ترس رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چولستان بچاو ریلی کے شرکاء سے خطاب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ 850 دنوں میں عوام کو غربت، بے روزگاری، مہنگائی کے تحفے دیے اور سابقہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کو مزید اضافے کے ساتھ جاری رکھا۔ انہوں نے کہاکہ سٹیٹس کو کے نمائندوں، جاگیرداروں اور استعمار کے ایجنٹوں نے ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے۔ عوام بے بس اور مجبور ہیں نہ وہ آٹا چینی خرید سکتے ہیں اور نہ ان کے پاس دوائی خریدنے کی سکت ہے۔ حکمران طبقہ نے گزشتہ ستر سالوں میں عوام کو تعلیم اور علاج کی سہولتوں سے محروم رکھا، چولستان اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقے اس کی بڑی مثال ہیں۔ یہاں لینڈ مافیا کے وارے نیارے جبکہ چھوٹا کسان کسمپرسی کا شکار ہے، ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی پر جاگیردار قابض ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ چولستان میں ہر دوسرے تیسرے سال قحط سے بے شمار جانور مر جاتے ہیں، عالمی ادارے ایک ہاتھی کو بچانے کے لیے پاکستان سے ہزاروں میل دور لے جاتے ہیں لیکن ہماری اپنی حکومت لاکھوں جانوروں کے لیے پانی کا انتظام کرنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہزاروں لوگ بھوک اور پیاس سے بلک رہے ہوتے ہیں لیکن یہاں کا جاگیردار اور وڈیرہ عیاشی کر رہاہوتا ہے، چولستان ترقیاتی ادارے کے نام پر اربوں روپے کے فنڈز کو حکومتی نمائندوں نے ہڑپ کرلیا ہے۔ علاقہ غیرملکی شہزادوں کے حوالے کردیا جبکہ چولستان کا رہائشی شہزادہ اور شہزادی خوراک اور پینے کے پانی کے لیے ترس رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ ان ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کی جائے اور ملک کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنایا جائے۔ 
خبر کا کوڈ : 901302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش