0
Thursday 3 Dec 2020 01:14

پی ڈی ایم عوام کی خیرخواہ ہوتی تو کورونا کیوجہ سے جلسے ملتوی کر دیتی، ناصر شیرازی

پی ڈی ایم عوام کی خیرخواہ ہوتی تو کورونا کیوجہ سے جلسے ملتوی کر دیتی، ناصر شیرازی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ خالد خورشید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ خطے کی ترقی میں وہ مثالی کردار ادا کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے اقتدار کا حصول عوام کی خدمت کی بجائے ذاتی مفاد حاصل کرنے کے لیے کیا۔ جو سیاسی جماعتیں ماضی میں ایک دوسرے کی حریف رہیں اور اقتدار کی کھینچا تانی میں اخلاقی قدروں کا جنازہ نکالا، آج ایک دوسرے کے گلے میں بانہیں ڈال کر گھوم رہی ہیں۔ ان کا مقصد عوام کو ایک بار پھر گمراہ کرکے اقتدار کے مزے لوٹنا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے انہیں مسترد کر کے ثابت کیا کہ ان کا سیاسی شعور اب بلند ہے اور وہ شعبدہ بازوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے بہت سارے ترقیاتی منصوبے طے کر رکھے ہیں۔ اگلے چند سالوں میں علاقے کی تقدیر بدل کر رہ جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خالد خورشید ایک مدبر، دوراندیش اور نوجوان سیاست دان ہیں، انہیں علاقے کے عوام کی ضروریات زندگی اور مشکلات کا بخوبی احساس ہے۔ عوام کو ان سے کبھی مایوسی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز تشویشناک صورتحال اختیار کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتیں اگر حقیقی معنوں میں عوام کی خیر خواہ ہوتیں تو وہ کورونا کے پیش نظر اپنے جلسے جلوس فوری طور پر ملتوی کر دیتیں اور عوام کی قیمتی جانوں کو یوں داؤ پر نہ لگایا جاتا، لیکن ان اتحادی جماعتوں کو ہمیشہ عوامی زندگی سے زیادہ اقتدار عزیز رہا۔ پوری دنیا میں ایس او پیز پر عمل کیا جا رہا ہے لیکن پی ڈی ایم کورونا کے خلاف حکومت کی ساری کوششوں کو تباہ کرنے پر تُلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں کورونا بے قابو ہوگیا تو اس کی ساری ذمہ داری ان اتحادی جماعتوں پر ہوگی، جو ملک کے مختلف حصوں میں دھڑلے سے جلسوں میں مشغول ہیں۔
خبر کا کوڈ : 901330
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش