0
Thursday 3 Dec 2020 12:57

5 دن میں 10 ڈاکٹر کورونا سے جاں بحق

5 دن میں 10 ڈاکٹر کورونا سے جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ جہاں ملک بھر میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں، وہیں وبا کی دوسری لہر سے طبی رضاکار و پیشہ افراد بھی تیزی سے متاثر ہو رہے ہیں۔دوسری لہر کے دوران محض 5 دن میں ملک بھر میں 10 ڈاکٹرز کورونا کے باعث زندگی کھو بیٹھے جب کہ 3 ہزار سے زائد طبی رضاکاروں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق کورونا سے جاں بحق ہونے والے 10 میں سے 6 ڈاکٹر محض ایک ہی روز 29 نومبر کو کراچی، لاہور اور ملتان میں چل پسے۔ کورونا کا شکار ہونے والے مزید ایک ڈاکٹر محمد فاروق 2 دسمبر کو چل بسے جو خیبرپختونخوا کے شہر بنوں کے خلیفہ گل نواز ہسپتال کے ایڈیشنل ڈائریکٹر تھے۔ گزشتہ ماہ نومبر سے شروع ہونے والی کورونا کی دوسری لہر سے اب تک ملک بھر میں 18 ڈاکٹرز زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ کورونا سے 28 نومبر سے 2 دسمبر تک جاں بحق ہونے والے ڈاکٹرز میں پنجاب کے شہر بہاول نگر کے ملت ہسپتال کے ڈاکٹر سرور بلال، پاکستان آرمڈ فورس میڈیکل سروسز راولپنڈی کے سابق انستھیسیولاجسٹ (بے ہوش کرنے والا ڈاکٹر) (ریٹائرڈ) پروفیسر ظفر احمد ملک، نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے سابق بائیوکیمسٹ پروفیسر ڈاکٹر مسعود احمد چغتائی، اسی ادارے کے پروفیسر ایم بی جمالی، لاہور کے شیخ زید ہسپتال کے میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر ضیاءاللہ اور میڈیکل اسکول راولپنڈی کے ڈین پروفیسر برگیڈیئر شاہین معین شامل ہیں۔

جان کی بازی ہارنے والے ڈاکٹرز میں سندھ کے دارالحکومت کراچی کے جناح پوسٹ گریجوئیٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر رشید چوہدری، لیاقت نیشنل یونیورسٹی کے ڈاکٹر خالد خان، قطر ہسپتال کورنگی کے چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر شہاب یامین شامل ہیں اور یہ تمام 29 نومبر کو چل بسے تھے۔ ان سے قبل نومبر میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) کے ڈائریکٹر اور چائلڈ ایڈ ایسوسی ایشن کے بانی ڈاکٹر نظام الحسن اور ضلع وسطی کے سرکاری ہسپتال کے چیف میڈیکل افسر نظام الدین راجپوت بھی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ خیبرپختونخوا (کے پی) میں گزشتہ ماہ کورونا کے باعث 4 ڈاکٹرز جاں بحق ہوئے تھے۔ زندگی کی بازی ہارنے والے ڈاکٹرز میں پشاور کے طالب علم ڈاکٹر عدنان حلیم، مانسہرہ کے کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال کے سابق ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد بشیر، ہری پور کے ٹی بی کنٹرول پروگرام کے انچارج ڈاکٹر جاوید اقبال اور ایبٹ آباد کے ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے ڈاکٹر راجا آصف شامل تھے۔ کورونا کے باعث جاں بحق ہونے والے آزاد جموں و کشمیر کے راولاکوٹ کے پونچھ میڈیکل کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر صادق حسین اور مظفرآباد کے کارڈیولاجسٹ ڈاکٹر رضوان عابد شامل ہیں۔ اس سے قبل اکتوبر میں کورونا کے باعث پنجاب میں 4 جب کہ سندھ اور کے پی میں ایک ایک ڈاکٹر کورونا کے باعث چل بسا تھا۔ رواں برس 3 مارچ سے اب تک ملک بھر میں کورونا کے باعث 154 میڈیکل عہدیدار، 128 ڈاکٹرز اور 26 پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان جاں بحق ہو چکے ہیں اور گلگت بلتستان کے ڈاکٹر اسامہ ریاض وبا سے زندگی کی بازی ہارنے والے پہلے ڈاکٹر اور طبی رضاکار تھے۔
خبر کا کوڈ : 901385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش