QR CodeQR Code

اسلام آباد ہائیکورٹ، جلسوں اور مذہبی اجتماعات پر پابندی کی درخواست مسترد

3 Dec 2020 16:50

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہم نے تو حکم دے دیا اگر ایگزیکٹو اس پر عمل نہیں کرا پا رہی تو یہ ایگزیکٹو پر ہے، یہاں پارلیمنٹ ہے ایگزیکٹو ہے اگر سوسائٹی بھی اپنی ذمہ داری نہیں پوری کر رہی تو عدالت کیوں مداخلت کرے، عدالتی حکم پر کوئی عمل نہیں کرا رہا اور سیاست میں مشغول ہے تو ہم کیوں مداخلت کریں۔


اسلام ٹائمز۔ عدالت نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے سیاسی جلسوں اور مذہبی اجتماعات پر پابندی کی درخواست مسترد کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی کرنے والے سیاسی جلسوں پر پابندی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔ اس سے قبل سماعت کے دوران درخواست گزار کا موقف تھا کہ ملک میں بڑے اجتماعات سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے اس لیے این سی او سی کو حکم دیا جائے کہ وہ آوٹ ڈور جلسوں سے متعلق گائیڈ لائن پر پابندی کرائے، سیاسی و مذہبی اجتماعات کو روکنے کا حکم دیا جائے اور پیمرا کو حکم دیا جائے کہ کورونا گائیڈ لائن کی خلاف ورزی والی خبر چینلز کو چلانے سے روکے۔

وکیل نے کہا کہ آپ نے حالیہ فیصلے میں کہا کہ این سی او سی کے فیصلوں پرعمل درآمد کرنا لازم ہے، این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے باوجود ان کی خلاف ورزی جاری ہے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہم نے تو حکم دے دیا اگر ایگزیکٹو اس پر عمل نہیں کرا پا رہی تو یہ ایگزیکٹو پر ہے، یہاں پارلیمنٹ ہے ایگزیکٹو ہے اگر سوسائٹی بھی اپنی ذمہ داری نہیں پوری کر رہی تو عدالت کیوں مداخلت کرے، عدالتی حکم پر کوئی عمل نہیں کرا رہا اور سیاست میں مشغول ہے تو ہم کیوں مداخلت کریں، پٹشنر کو پارلیمنٹ پر اعتماد کرنا چاہیے اور وہیں اس کا حل نکل سکتا ہے، اس قسم کے معاملات عدالت میں نہیں آنے چاہیں۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کیا یہ ملک قانون کی عمل داری کے تحت چل رہا ہے؟ ہماری عام پبلک بھی ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہی سب سے زیادہ غریب اس سے متاثر ہوگا، پارلیمنٹ خاموش، ایگزیکٹو بھی عمل نہیں کرا رہی شہری بھی نہیں کر رہے ہم کیوں غیر ضروری مداخلت کریں۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔


خبر کا کوڈ: 901426

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901426/اسلام-ا-باد-ہائیکورٹ-جلسوں-اور-مذہبی-اجتماعات-پر-پابندی-کی-درخواست-مسترد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org