0
Thursday 3 Dec 2020 19:39

ڈیرہ اسماعیل خان میں معذوروں کا عالمی دن منایا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان میں معذوروں کا عالمی دن منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ کمشنر ڈیرہ ڈویژن یحییٰ اخونزادہ نے کہا ہے کہ معذور افراد کی معاونت اور ان کو سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں اور جو ادارے ان اسپیشل لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں ان کو ہمارا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ میں عالمی یوم معذوران کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر صاحبزادہ محمد نعیم، صدر سہارا سنٹر سہیل سدوزئی، چیف ایگزیکٹیو ڈبلیو ایس ایس سی عطاء اللہ، سماجی و فلاحی تنظیموں کے عہدیداران، معززین علاقہ اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنایا جائے گا، جبکہ اس سلسلے میں مائیکرو سنسز کی ترتیب بنائیں گے تاکہ معذور افراد گھر بیٹھے یا ایک مرکزی مقام پر آسانی سے رجسٹر ڈ ہوسکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت معذور افراد کو سہولیات پہنچانے کیلئے نہایت سنجیدہ ہے، معذور افراد کیلئے نوکریوں کا کوٹہ بڑھانے کیلئے کوششیں جاری ہیں، جبکہ سرکاری عمارات کی تعمیر کے دوران ریمپس کا قیام عمارت کا حصہ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے اور اسی طرح نجی پلازوں، عمارات، وغیرہ کی تعمیر کے دوران بھی ان سہولیات کو مد نظر رکھا جائے۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر صاحبزادہ محمد نعیم اور صدر سہارا سنٹر برائے جسمانی معذوران سہیل سدوزئی نے بھی خطاب کیا جس کے دوران جسمانی معذوران کی معاونت اور سہولیات کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریف کیا گیا، جبکہ درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے اپیل کی کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں عملی اقدامات اُٹھاتے ہوئے اسے ماڈل ضلع بنایا جائے، گذشتہ چند سالوں کے دوران جو فنڈز لیپس ہوئے انہیں بحال کرایا جائے تاکہ جلد اور بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں دارلامان اور چائلڈ ویلفیئر کیلئے عمارت کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا جن پر کمشنر ڈیرہ اور ممبر صوبائی اسمبلی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بعدازاں کمشنر ڈیرہ اور ممبر صوبائی اسمبلی نے معذوران میں وائٹ سٹکس و دیگر معاون سامان بھی تقسیم کیا۔تقریب کے اختتام پر کلین اینڈ گرین پاکستان اور بیوٹیفیکیشن کے سلسلے میں مختلف انواع کے پودے بھی لگائے گئے۔
خبر کا کوڈ : 901457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش