0
Thursday 3 Dec 2020 21:03

کالعدم جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو مزید مقدمات میں سزائیں

کالعدم جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو مزید مقدمات میں سزائیں
اسلام ٹائمز۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کو مزید مقدمات میں سزائین سنا دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر نے ہینڈ گرنیڈ، خودکش جیکٹ اور بارودی مواد رکھنے کے جرم میں مجرم محمد عطا اور محمد ابراہیم کو 14، 14 سال قید اور جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنا دیں۔ عدالت نے حتمی دلائل سننے کے بعد جرم ثابت ہونے پر دو مجرموں کو سزائیں سنائیں۔ واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں بارودی مواد کی برآمدگی کا مقدمہ درج تھا۔ دوران سماعت پروسیکیوشن نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ، خودکش جیکٹ اور بارودی مواد برآمد ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان بارودی مواد سے بڑے پیمانے پر تخریب کاری کرنا چاہتے تھے۔ علاوہ ازیں پروسیکیوشن نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کو قانون کے مطابق سزا کا حکم جاری کرے۔

خیال رہے کہ 11 نومبر کو اسی عدالت نے جماعت الدعوۃ کے تین رہنماؤں کو مزید 2 مقدمات میں سزائیں سنائی تھیں جبکہ پانچ رہنماؤں پر 5 مقدمات میں فرد جرم بھی عائد کر دی گئی تھیں۔ مقدمہ نمبر 24/19 کی سماعت ہوئی تھی جس میں پروفیسر ظفر اقبال اور یحیٰی مجاہد کو مجموعی طور پر 16، 16 سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمٰن مکی کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اسی طرح یحیٰی مجاہد کو ایک اور مقدمہ 29/19 میں بھی 16 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ واضح رہے کہ 5 نومبر کو بھی اے ٹی سی نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے 3 رہنماؤں کو 2 مزید مقدمات میں سزائیں سنائی تھیں۔ خیال رہے کہ 13 اگست 2020ء کو لاہور ہائیکورٹ نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور زمینوں پر قبضے کے کیس میں جماعت الدعوۃ کے 2 رہنماؤں کی سزائیں معطل کرتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کردیئے تھے۔

عدالت عالیہ کے جسٹس اسجد جاوید گورال اور جسٹس وحید خان پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے جماعت الدعوۃ کے رہنما حافظ عبدالرحمٰن مکی اور حافظ عبدالسلام کی سزاؤں کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی تھی۔ اس سے قبل 18 جون کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے کیسز میں جماعت الدعوۃ کے 4 رہنماؤں کو سزا سنائی تھی۔ یاد رہے کہ سی ٹی ڈی نے 2015ء میں مذکورہ مجرمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے سیکشنز 11 ایف (2) (5) (6)، 11 ایچ(2)، ایچ-آئی، 11 این اور جے-2 کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔ قبل ازیں 12 فروری 2020ء کو اے ٹی سی نمبر ایک نے جماعت الدعوۃ کے سربراہ حاٖفظ محمد سعید اور ملک ظفر اقبال کو 5، 5 برس قید کی سزا سنائی تھی۔
خبر کا کوڈ : 901470
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش