QR CodeQR Code

اپوزیشن جماعتیں جلسوں کی پالیسی پر نظرثانی کریں

کورونا کے معاملے پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہیئے، شاہ محمود قریشی 

3 Dec 2020 22:24

ملتان میں پی ٹی آئی رہنمائوں سے ملاقات میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جب کورونا ختم ہوجائیگا تو جتنے مرضی جلسے کرلیں، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا مگر خدا کیلئے آجکل جلسوں سے گریز کریں۔ وہ سیاسی نہیں قومی مفادات کو ترجیح دیں، ورنہ ملک میں کورونا کے پھیلاو کی ذمہ دار اپوزیشن بھی ہوگی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے۔ 


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنا مرضی شور مچائے لٹیروں کو لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا پڑے گا۔ این آر او کسی صورت نہیں ملے گا۔ حکومت پی ڈی ایم کے ناکام جلسوں سے خوف زدہ نہیں۔ ہم عوام کی زندگیاں محفوظ کرنا چاہتے ہیں، موجودہ حالات میں سیاسی جلسوں سمیت کوئی بھی بڑا اجتماع کورونا کے پھیلاو کے لئے خطرناک ہوگا۔ اپوزیشن کا کورونا کو سنجیدہ نہ لینا شدید نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے، کورونا کے معاملے پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہیئے۔ اپوزیشن جماعتیں جلسوں کی پالیسی پر نظرثانی کریں، جب کورونا ختم ہوجائیگا تو جتنے مرضی جلسے کر لیں، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا، مگر خدا کیلئے آج کل جلسوں سے گریز کریں۔ وہ سیاسی نہیں قومی مفادات کو ترجیح دیں، ورنہ ملک میں کورونا کے پھیلاو کی ذمہ دار اپوزیشن بھی ہوگی۔

حکومت کی کوشش ہے کہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے۔ غریب کے گھر دیا بھی جلتا رہے اور کرونا سے بھی بچایا جائے۔ ماضی میں کرونا کی پہلی لہر عوام کی جانب سے ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے سے کنٹرول کرنے میں کامیابی ملی ہے اور اس کو پوری دنیا سراہ رہی ہے۔ ان شاء اللہ اس دفعہ بھی کرونا کو شکست دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی ملتان شہر کے سیکرٹری جنرل سید بابر شاہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری انفارمیشن شہباز قریشی، پی ٹی آئی رہنماء رضوان عابد تھہیم سمیت دیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کی ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ جلد ہی اس کے ثمرات عوام کے سامنے آئیں گے۔ جنوبی پنجاب میں سیکرٹریٹ کا قیام جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا سنگ میل ثابت ہوگا۔ افسران کے دفاتر قائم ہو رہے ہیں۔ جلد ہی بااختیار افسران کے ساتھ سیکرٹریٹ کام شروع کرے گا۔


خبر کا کوڈ: 901487

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901487/کورونا-کے-معاملے-پر-کسی-کو-سیاست-نہیں-کرنی-چاہیئے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org