QR CodeQR Code

گھبرانے والے نہیں تبدیلی سرکار کا مقابلہ کرینگے، پیپلزپارٹی کا اعلان 

3 Dec 2020 23:19

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی جنوبی پنجاب کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ملتان کے جلسہ نے ثابت کر دیا کہ تبدیلی سرکار حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو چکی ہے، حکومت کے تمام غیرآئینی اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہو گئے اور پی ڈی ایم کے تحت پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس کا جلسہ کامیاب ہو گیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر مخدوم سید احمد محمود، سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاھین، نائب صدر و ایم این اے مہر ارشاد سیال، جنرل سیکرٹری نتاشہ دولتانہ، سیکرٹری انفارمیشن و ایم این اے نوابزادہ افتخار احمد خان، سیکرٹری تعلقات عامہ بابو نفیس انصاری نے مشترکہ بیان میں کہا کہ پیپلزپارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز، تنظیمی عہدیدران و کارکنان باجود اس کے کہ حکومت کی طرف سے پکڑ دھکڑ، ناجائز مقدمات و رکاوٹیں کھڑی کی گئیں گھبرائے نہیں بلکہ تبدیلی سرکار کے ان اوچھے و آمرانہ ہتھکنڈوں کا بہادری و دلیری سے مقابلہ کیا، 30 نومبر کو ملتان میں پیپلزپارٹی کے تاسیسی جلسہ کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جس سے ملتان جلسہ نے تاریخی اہمیت اختیار کر کے جمہوری جدوجہد کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، ہمارے تمام عہدیدران و کارکنان، ٹکٹ ہولڈرز و ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پارٹی کا ماتھے کا جھومر ہیں، ملتان جلسہ کی کامیابی ان سب کی محنت و کاوش کا ثمر ہے، جنوبی پنجاب کی تنظیم سمیت تمام قیادت اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری ان سب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اس سلسلے میں کہا کہ ورکرز کا کردار لائق تحسین ہے، ممبر قومی اسمبلی و جنرل سیکرٹری اقلیتی ونگ جنوبی پنجاب نوید عامر جیوا نے کہ ملتان کے جلسہ نے ثابت کر دیا کہ تبدیلی سرکار حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو چکی ہے، حکومت کے تمام غیرآئینی اوچھے ہتھکنڈے ناکام ہو گئے اور پی ڈی ایم کے تحت پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس کا جلسہ کامیاب ہوگیا، اقلیتی برادری سمیت ہزاروں کارکنان اور جیالوں نے جلسہ میں شامل ہو کر یہ ثابت کر دیا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کے وجود کو ختم کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ گرفتاریاں، جیلیں، حکومتی ظلم و جبر جیالوں کی راہ میں رکاوٹ پیدا نہیں کر سکتیں، 30 نومبر کو تبدیلی سرکار کے خلاف عوامی ریفرنڈم تھا جس نے ثابت کر دیا کہ کٹھ پتلی سرکار عوام کو بنیادی سہولیات صحت، تعلیم و روزگار نہیں دے سکی بلکہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 901492

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901492/گھبرانے-والے-نہیں-تبدیلی-سرکار-کا-مقابلہ-کرینگے-پیپلزپارٹی-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org