QR CodeQR Code

حسینہ واجد کی پاکستان کے ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی سے ملاقات، تعلقات کو مستحکم کرنے پر زور

4 Dec 2020 13:12

ذرائع جسے اجلاس کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی، نے کہا کہ شیخ حسینہ واجد نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، اس کے علاوہ انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اپنے سرکاری فرائض ادا کرنے میں ہائی کمشنر کو ان کے "مکمل تعاون" کی یقین دہانی کرائی۔


اسلام ٹائمز۔ بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ڈھاکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے ملاقات کی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ملاقات کے بعد سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی جانب سے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے باہمی میکانزم کو بحال کرنے کا امکان ہے۔ یہ پاکستان کے مندوب اور بنگلہ دیشی وزیراعظم کے درمیان ایک غیر معمولی ملاقات تھی کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے بعد رواں سال اس میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ ہائی کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ "دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا"۔ پاکستان اور بنگلہ دیش میں متعدد باہمی میکانزم موجود ہیں تاہم بیشتر برسوں سے معطل ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ ان ممالک کے سیکرٹری خارجہ کے درمیان ایک ڈائیلاگ، جو قریب 12 سال سے نہیں ہوا، مستقبل قریب میں دوبارہ شروع ہو سکتا ہے۔

ذرائع جسے اجلاس کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی، نے کہا کہ شیخ حسینہ واجد نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، اس کے علاوہ انہوں نے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اپنے سرکاری فرائض ادا کرنے میں ہائی کمشنر کو ان کے "مکمل تعاون" کی یقین دہانی کرائی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے جولائی میں اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب سے فون پر بات کی تھی اور "باہمی اعتماد، باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر برادرانہ تعلقات کو گہرا کرنے کے لیے اپنی حکومت کی خواہش کا اظہار کیا"۔ بیان کے مطابق ہائی کمشنر نے ملاقات کے دوران عمران خان کی جانب سے شیخ حسینہ واجد کو خیر سگالی اور دوستی کا پیغام پہنچایا جس پر انہوں نے پاکستان کی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ "ہائی کمشنر نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو آگاہ کیا کہ حکومت اور پاکستانی عوام کے دل میں بنگلہ دیشی قیادت اور لوگوں کے لیے عزت اور پیار ہے، وزیراعظم نے پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا"۔


خبر کا کوڈ: 901569

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901569/حسینہ-واجد-کی-پاکستان-کے-ہائی-کمشنر-عمران-احمد-صدیقی-سے-ملاقات-تعلقات-کو-مستحکم-کرنے-پر-زور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org