QR CodeQR Code

جماعت الدعوۃ کے مزید 4 رہنماوں کو سزائیں سنا دی گئیں

4 Dec 2020 21:06

اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں مقدمہ نمبر 40/19 میں حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر ظفر اقبال اور محمد اشرف کو ساڑھے 15،15 سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال اور محمد اشرف کو دو مزید مقدمات میں سزائیں سنا دیں۔ اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں مقدمہ نمبر 40/19 میں حافظ عبدالسلام بن محمد، پروفیسر ظفر اقبال اور محمد اشرف کو ساڑھے 15،15 سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اسی طرح مقدمہ نمبر 27/19 کی بھی سماعت ہوئی جس میں حافظ عبدالسلام بن محمد اور پروفیسر ظفر اقبال کو ساڑھے پندرہ، پندرہ سال اور پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

جماعت الدعوۃ کے کو دونوں مقدمات میں الگ الگ ایک لاکھ 70 ہزار روپے جرمانہ کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ عدالت میں جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کیخلاف زیر سماعت دیگر مقدمات میں گواہوں کے بیانات پر نصیرالدین نیئر اور محمد عمران فضل گل ایڈووکیٹ کی طرف سے جرح کی گئی۔ علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی کی عدالت نمبر ایک کے جج ارشد حسین بھٹہ کی عدالت میں بھی مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی۔ مذکورہ عدالت نے سماعت آٹھ دسمبر تک کیلئے ملتوی کی ہے۔ واضح رہے کہ اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 کی طرف سے ایک دن قبل بھی ایک مقدمہ کا فیصلہ سنایا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی کی طرف سے کل 41 مقدمات درج ہیں جن میں سے 27 کے فیصلے ہو چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 901650

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901650/جماعت-الدعوۃ-کے-مزید-4-رہنماوں-کو-سزائیں-سنا-دی-گئیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org