0
Saturday 5 Dec 2020 15:21

سول سوسائٹی فورم 5 اگست کے فیصلوں کیخلاف آواز بلند کرتا رہیگا، عبدالقیوم وانی

سول سوسائٹی فورم 5 اگست کے فیصلوں کیخلاف آواز بلند کرتا رہیگا، عبدالقیوم وانی
اسلام ٹائمز۔ عبدالقیوم وانی نے کہا کہ جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم غیر سیاسی بنیاد پر جموں کشمیر کی اصل شناخت، تشخص، آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کے 5 اگست 2019ء کے بھارتی حکومت کے فیصلوں کے خلاف پُرامن طور پر اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ فورم کشمیر کے عوام کو اِس فیصلے کے منفی اثرات سے آگاہ کرتا رہے گا اور حسب روایت ہر سطح پر مقامی وسائل کا تحفظ، علمی، ثقافتی، لسانی شناخت اور تمام فیصلوں جو ریاستی عوام کے جذبات اور احساسات کے خلاف ہوں گے، ان پر پُرامن احتجاج درج کرتا رہے گا۔ اس بات کا فیصلہ سرینگر میں فورم کے ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کی۔

اجلاس میں سماجی بدعات شراب نوشی، کرپشن اور منشیات کو ایک وباء قرار دیا گیا اور اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ شراب نوشی، منشیات اور کرپشن نے وبائی شکل اختیار کی ہے جو ہمارے مستقبل کے سرمایہ کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔ اجلاس میں جموں کشمیر کے شہر و دیہات میں ایسے تمام مقامات کی نشاندہی کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جہاں سے ایسے غیرقانونی، غیرانسانی اور غیرمذہبی دھندے چلائے جا رہے ہو اور اسمگلروں کی جانب سے ہمارے نوجوانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہو۔ اجلاس میں عہد کیا گیا کہ سول سوسائٹی فورم اس وباء کو روکنے کے لئے عملی اقدام کرے گا۔ اجلاس میں تنظیم کو صوبائی اور ضلع سطح پر توسیع دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 901807
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش