0
Saturday 5 Dec 2020 14:51
دہشتگردی کیخلاف طویل اور صبر آزما جنگ میں سب سے زیادہ نقصان ہماری قوم نے اٹھایا

پاک فوج کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ ففتھ جنریشن وار کا حصہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملانے کیلئے عوام، حکومت اور پاک فوج سب ایک پیج پر ہیں
پاک فوج کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ ففتھ جنریشن وار کا حصہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کو لاتعداد چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں بطور مسلمان عالم اسلام کے دشمنوں اور بطور پاکستانی ارض پاک کے دشمنوں کا ہر محاذ پر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی و ضلعی عہدیداران اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جنرل ورکر اجلاس میں علامہ باقر عباس زیدی، علی حسین نقوی، علامہ صادق جعفری، علامہ اظہر نقوی، علامہ مبشر حسن سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم سربراہ نے کہا کہ دانشور، صحافی، سوشل ایکٹوسٹ، علماء، تاجر سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے ملک و مذہب کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے کاوشیں جاری رکھیں، عالم اسلام کے خلاف ففتھ جنریشن وار کا آغاز ہو چکا ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے لڑی جانے والی اس جنگ میں سب نے مجاہدانہ کردار ادا کرنا ہے، جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرکے سوشل میڈیا کو دشمن کے خلاف اپنا مورچہ بنا لیں، یہ بات سب کو ذہن نشین رکھنی ہوگی کہ کسی کے مقدسات کی توہین حرام ہے، ہمیں ایک دوسرے کے خلاف صف آراء ہونے کی بجائے دشمنوں کے خلاف باہم ملکر بابصیرت کردار ادا کرنا ہوگا، دشمن امت مسلمہ کے مختلف مسالک کے درمیان اختلافات پیدا کرکے ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے، اس نکتے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، ہمارا اتحاد ہی وہ مضبوط اور مؤثر ہتھیار ہے، جس سے اسلام اور وطن عزیز کے دشمنوں کو شکست دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ففتھ جنریشن وار شخصی نہیں بلکہ فکری ہے، ہماری کسی شخصیت سے دشمنی نہیں بلکہ اس فکر سے اختلاف ہے، جس کے ذریعے معاشرے میں متشدد رویوں کی آبیاری کی جا رہی ہے۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ وطن عزیز میں کسی بھی ایسی قوت کو پنپنے نہیں دیا جائے گا، جو تکفیر اور شدت پسندی کا پرچار کرتی ہو، دہشت گردی کے خلاف طویل اور صبر آزما جنگ میں سب سے زیادہ نقصان ہماری قوم نے اٹھایا ہے، ملک دشمنوں کے خلاف جیتی ہوئی جنگ کو ہار میں بدلنے کا خواب دیکھنے والے قطعی مغالطے میں ہیں، اس ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے، پاک فوج کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ ففتھ جنریشن وار کا حصہ ہے، وہ لوگ جو کل تک اقتدار کے مزے لوٹتے رہے، آج انہی لوگوں نے ملک دشمنوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے پاک فوج کے خلاف زبان درازی کرکے پوری قوم کو اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے، ملک دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے عوام، حکومت اور پاک فوج سب ایک پیج پر ہیں۔
خبر کا کوڈ : 901811
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش