QR CodeQR Code

پنجاب کا دل کرپشن اور خاندانی سیاست کرنیوالوں کیساتھ کبھی نہیں دھڑک سکتا، فیاض الحسن

5 Dec 2020 19:07

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو اب تک چاروں صوبوں سے ہزیمت کے سوا کچھ نہیں ملا، انہوں نے کہا کہ لاہور میں بھی پاکستان ڈیمولشنگ موومنٹ کا پھیکا چورن نہیں بکنے والا، کرپشن کے کرداروں کو چاہیے احتساب کا سامنا خشوع و خضوع سے باجماعت کریں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ لاہور جلسہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ملک دشمن بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ اپنے بیان میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو اب تک چاروں صوبوں سے ہزیمت کے سوا کچھ نہیں ملا، پنجاب کا دل کرپشن اور خاندانی سیاست کرنے والوں کے ساتھ کبھی نہیں دھڑک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں بھی پاکستان ڈیمولشنگ موومنٹ کا پھیکا چورن نہیں بکنے والا، کرپشن کے کرداروں کو چاہیے احتساب کا سامنا خشوع و خضوع سے باجماعت کریں۔ دوسری جانب مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز ہی پارٹی کو لیڈ کر رہی ہیں اور ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔ مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف بیان دلوانے کے لیے کئی لوگوں کو پکڑا گیا لیکن ان سب نے ہی میرے حق میں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ملک وفات پا چکے ہیں اس لیے ان کے حوالے سے بات نہیں کرنی چاہیئے تاہم یہ لوگ ارشد ملک جیسے جج تیار کرتے ہیں۔ اسپیشل کورٹس سے کسی کو انصاف نہیں مل سکتا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ لوگ پوری دنیا میں میری ایک روپے مالیت کی جائیداد منظر عام پر نہیں لا سکے۔ لاہور جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر کو انشاء اللہ لاہور میں جلسہ ضرور ہو گا جبکہ نواز شریف کا مؤقف ہے یہ ملک قانون اور آئین کے مطابق چلنا چاہیئے۔ رہنما نون لیگ نے کہا کہ گزشتہ روز سے حکومت غیر مناسب رویہ اختیار کر رہی ہے تاہم اگر پولیس غیر جانبدار رہے گی تو اچھی بات ہوگی۔ ملتان جلسے کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی تو ہر جگہ جلسہ ہوا۔ ہم 13 دسمبر کو حکومتی کورونا کا علاج کریں گے۔
 


خبر کا کوڈ: 901861

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901861/پنجاب-کا-دل-کرپشن-اور-خاندانی-سیاست-کرنیوالوں-کیساتھ-کبھی-نہیں-دھڑک-سکتا-فیاض-الحسن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org