QR CodeQR Code

بابری مسجد یوم شہادت، 6 دسمبر کو ویلفیئر پارٹی بھارت بھر میں یوم سیاہ منائیگی

5 Dec 2020 20:17

ویلفیئر پارٹی آپ انڈیا کے قومی صدر نے کہا کہ 6 دسمبر کو ویلفیئر پارٹی ملک کے متعدد شہروں میں مختلف پروگرام جیسے سمپوزیم، سیمینار، مظاہرے اور ریلیوں کا اہتمام کریگی۔


اسلام ٹائمز۔ ویلفیئر پارٹی آپ انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے بابری مسجد کے یومِ شہادت (6 دسمبر 2020ء) پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے دو بڑے ادارے سپریم کورٹ آف انڈیا اور سی بی آئی نے ملک کے تمام انصاف پسند و امن پسند افراد بالخصوص مسلمانوں کو سخت مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتِ عظمٰی جو کہ دستور ہند کی نگہبان اور ملک کے تمام انسانوں بشمول مسلمانوں کو عدل و انصاف کی تلقین کرتی ہے لیکن اس نے اس وقت تمام لوگوں کو جو عدل و انصاف میں یقین رکھتے ہیں سخت مایوس کیا، جب اس نے بابری مسجد ملکیت مقدمہ میں ایک عجیب و غریب اور مضحکہ خیز فیصلہ سنایا، جس میں کورٹ کے مشاہدات اور فیصلہ میں بہت زیادہ تصادم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمٰی ایک طرف مسجد میں مورتیوں کے رکھے جانے اور اس کی شہادت کو غیر قانونی، غیر دستوری اور ایک مجرمانہ فعل قرار دیتی ہے، وہیں دوسری طرف اس متنازعہ زمین کو بڑی دیدہ دلیری کے ساتھ انہی لوگوں کے حوالہ کر دیتی ہے جو اس مجرمانہ فعل کے مرتکب ہوئے تھے۔

ڈاکٹر قاسم الیاس نے مزید کہا کہ سی بی آئی نے بجائے آزادنہ اور منصفانہ طور پر تحقیق کرنے کے ان تمام افراد کو جو بابری مسجد انہدام کے ملزم تھے، ثبوتوں کے ناکافی ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے با عزت بری کر دیا حالانکہ حکومت و ایجنسیوں کے پاس وافر مقدار میں ثبوت موجود تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بابری مسجد انہدام معاملہ میں سی بی آئی کورٹ کے فیصلے کو اوپری عدالت میں چیلنج کیا جانا چاہیئے تاکہ ان تمام ملزمین کو جو اس مجرمانہ فعل کے مرتکب ہوئے تھے اور جنہیں لکھنؤ بنچ نے ناکافی ثبوت کی بنیاد پر بری کر دیا، جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی عوام کے ضمیر کو آواز دیتے ہیں کہ وہ بابری مسجد کے معاملہ میں مسلمانوں کے ساتھ جو ناانصافی اور امتیاز برتا گیا ہے اس پر آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ 6 دسمبر کو ویلفیئر پارٹی ملک کے متعدد شہروں میں مختلف پروگرام جیسے سمپوزیم، سیمینار، مظاہرے اور ریلیوں کا اہتمام کرے گی۔


خبر کا کوڈ: 901862

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901862/بابری-مسجد-یوم-شہادت-6-دسمبر-کو-ویلفیئر-پارٹی-بھارت-بھر-میں-سیاہ-منائیگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org