0
Saturday 5 Dec 2020 19:56

صوبائی حکومت ریلیوں کا انعقاد کرنیوالے افراد کیخلاف قانونی کارروائی شروع کریگی، عثمان بزدار

صوبائی حکومت ریلیوں کا انعقاد کرنیوالے افراد کیخلاف قانونی کارروائی شروع کریگی، عثمان بزدار
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ صوبائی حکومت ریلیوں کا انعقاد کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرے گی، جن کے باعث کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلٰی کی جانب سے مذکورہ بیان اسے وقت پر سامنے آیا جب 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) 13 دسمبر کو لاہور میں حکومت مخالف مہم میں ریلی نکالے گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ ہم سب عدالتوں اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے احکامات کے بارے میں جانتے ہیں، کوئی بھی اجتماع جس کے باعث کووڈ 19 پھیلانے کا خطرہ ہو وہ غیر قانونی ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خاص طور پر کسی کو نشانہ نہیں بنا رہی۔
وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ سرکاری اجتماعات میں تمام معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کی سختی سے پیروی کی جاتی ہے۔
اس سے قبل آج سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ پی ڈی ایم کو لاہور میں اپنا اگلا جلسہ کرنے سے نہیں روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاہم اس غیر قانونی (اجتماع) کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، وبائی بیماری کی دوسری لہر انتہائی خطرناک ہے اور پی ڈی ایم کے جلسوں کی وجہ سے کیسز میں اضافہ لوگوں کی زندگی اور معیشت کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

ایک انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم کو لاہور ریلی کے انعقاد سے نہیں روکا جائے گا بلکہ سب کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس کے دوران کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی بزدار نے کہا کہ لاہور میں انفیکشن کی شرح 3 فیصد سے بڑھ کر 10 فیصد ہوگئی ہے اور یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے کیسز کی روشنی میں پنجاب بھر میں 2 ہزار سے زیادہ جبکہ صرف لاہور میں 625 اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر تعداد اسی طرح بڑھتی رہی تو صوبائی حکومت کے پاس ’انتہائی سخت اقدامات‘ اٹھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 901867
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش