QR CodeQR Code

 کرپٹ عناصر کو جیل اور ایماندار افراد کو اوپر لانا ہوگا، صہیب عمار صدیقی 

5 Dec 2020 21:40

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا فوری حل حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے مگر بد قسمتی سے موجودہ حکومت کی ساری توجہ اداروں سے لوگوں کو نکالنے، اداروں کو فروخت کرنے اور انتقامی سیاست پر مرکوز ہو کر رہ گئی ہے۔ 


اسلام ٹائمز۔جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل صہیب عمار صدیقی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے حوالے سے وزراء کے پاس حکومتی کارکردگی کے دفاع کے لیے کچھ نہیں، تجارتی خسارہ 9.69 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور کرپشن میں مسلسل اضافہ، حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے، ملک و قوم کو جس تبدیلی کا خواب دکھایا گیا تھا وہ تباہی نکلی، ملتان شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر نظر آتے ہیں۔ گلیاں روشن ہوئیں نہ صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جاسکا، فضائی آلودگی کے باعث لوگوں میں سانس کی بیماریاں بڑھتی جارہی ہیں۔ عوامی مسائل کا فوری حل حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے مگر بدقسمتی سے موجودہ حکومت کی ساری توجہ اداروں سے لوگوں کو نکالنے، اداروں کو فروخت کرنے اور انتقامی سیاست پر مرکوز ہو کر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محض بیانات دینے اور ہدایات جاری کرنے سے عوام کو درپیش مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اس حوالے سے وزراء کو اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ سرکاری اداروں میں باقاعدہ اصلاحات کرنا ہوں گی۔ کرپشن کا خاتمہ، کرپٹ عناصر کو جیل اور ایماندار افراد کو اوپر لانا ہوگا۔ المیہ یہ ہے کہ وزیراعظم کے اردگرد بھی مافیا کا گھیراو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی غیرسنجیدگی اور عدم توجہی کی وجہ سے روزانہ اوسطا 3 بچے اغوا ہو رہے ہیں جوکہ حکومتی کارکردگی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔


خبر کا کوڈ: 901880

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901880/کرپٹ-عناصر-کو-جیل-اور-ایماندار-افراد-اوپر-لانا-ہوگا-صہیب-عمار-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org