QR CodeQR Code

علامہ قاضی نیاز نقوی کے چہلم کی مناسبت سے علامہ ساجد نقوی کا پیغام

6 Dec 2020 02:23

ایس یو سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بلاشبہ ایک ممتاز علمی خانوادے سے تعلق رکھنے والی ایسی فاضل شخصیت کا داغ مفارقت دینا نہ صرف انکے خانوادے بلکہ قوم و ملت کیلئے ناقابل تلافی نقصان کا سبب ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے معروف فاضل، دانشور، سابق جج، حوزہ علمیہ جامعة المنتظر کے مہتمم اعلیٰ، مجمع اہل بیت پاکستان کے سابق صدر، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی سید نیاز حسین نقوی کے چہلم کی مناسبت سے منعقدہ تعزیتی اجتماع کے موقع پر ایک بار پھر حافظ سید ریاض حسین نجفی، مرحوم کے خانوادے، حوزہ علمیہ جامعة المنتظر کے اساتیذ و طلاب کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر مرحوم و مغفور کی جہاں دیگر دینی و علمی خدمات کا تذکرہ کیا جانا ضروری ہے، وہاں ان کی امتیازی خصوصیات کو بھی یاد رکھنا کہیں زیادہ لازم و ناگزیر ہے۔ قومی و ملی حوالوں سے مرحوم کی گرانقدر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ہم شاہد ہیں کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے اجلاسوں میں بعض حساس اور اختلافی امور پر مرحوم کا موقف بڑا واضح اور دوٹوک ہوتا تھا کہ جزوی و فروعی نوعیت کے مسائل میں پڑنے کی بجائے مشترکات کی روشنی میں عملی میدان میں مل جل کر جدوجہد کی جائے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اہم ملکی و قومی امور پر سرکاری اداروں کے ہمراہ میٹنگز میں قومی و ملی معاملات پر بڑی صراحت اور جرات و بے خوفی کے ساتھ اپنا موقف بیان کرنا اور بھرپور اور موثر انداز میں تشیع کی نمائندگی کرنا مرحوم کا خاصا رہا۔ بلاشبہ ایک ممتاز علمی خانوادے سے تعلق رکھنے والی ایسی فاضل شخصیت کا داغ مفارقت دینا نہ صرف ان کے خانوادے بلکہ قوم و ملت کے لئے ناقابل تلافی نقصان کا سبب ہے۔ ان کی علمی خدمات، مدارس دینیہ کے فروغ اور ملت تشیع کے دفاع، اتحاد تنظیمات المدارس اور اتحاد بین المسلمین جیسے اہم امور میں مرکزی کردار جیسی خدمات تا دیر یاد رکھی جائیں گی اور ایسے دور اندیش عالم دین کی کمی خاص طور پر علمی حلقوں میں شدت سے محسوس کی جائے گی۔ علامہ قاضی سید نیاز حسین نقوی کی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا ہے، وہ مدتوں پر نہ ہو پائے گا۔ ہم ایسے وقت میں ان کی یاد منا رہے ہیں، جب ایسی بے پناہ صلاحیتوں کی مالک شخصیات کی موجودگی عہد حاضر کی ضرورت ہے، تاہم ان کی شخصیت کے ان مختلف پہلوﺅں کو مشعل راہ بناکر توانا قومی آواز بننے کی سعی و کوشش ضرور کی جاسکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 901918

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/901918/علامہ-قاضی-نیاز-نقوی-کے-چہلم-کی-مناسبت-سے-علامہ-ساجد-کا-پیغام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org