0
Sunday 6 Dec 2020 13:20

خیبرٹیچنگ ہسپتال میں بروقت آکسیجن نہ ملنے پر کورونا کے 6 مریض جاں بحق

خیبرٹیچنگ ہسپتال میں بروقت آکسیجن نہ ملنے پر کورونا کے 6 مریض جاں بحق
اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال (کے ٹی ایچ) میں بروقت آکسیجن کی فراہمی نہ ملنے پر کورونا وائرس کے 6 مریض جاں بحق ہو گئے۔ اس حوالے سے ہستپال کے ترجمان فرہاد خان نے میڈیا سے گفتگو میں آکسیجن نہ ملنے کے باعث 6 افراد کی اموات کی تصدیق کی اور بتایا کہ اس میں 5 کورونا وارڈ کے اندر تھے جبکہ ایک میڈیکل آئی سی یو میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ 3 مریض ایسے ہیں جن کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ وہ گھروں میں گئے ہیں یا دوسرے ہستپال میں تاہم ان کا ڈیٹا ابھی ہمیں نہیں ملا۔ ہسپتال میں صورتحال کنٹرول میں ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بیک اپ کے طور پر بھی آکسیجن موجود ہے اور اسٹور میں سپلائی ہونے کے باعث نقصان اتنا زیادہ نہیں ہوا۔ قبل ازیں اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ رات یہ واقعہ پیش آیا، جس میں ایک کمپنی کی جانب سے ناگزیر وجوہات کے باعث آکسیجن سلنڈر کی فراہمی بروقت نہیں کی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ خیبرٹیچنگ ہسپتال میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ بستر مختص کیے گئے ہیں اور ہمارے پاس 106 کورونا کے بستر موجود ہیں جبکہ ان پر موجود ہر مریض تقریباً آکسیجن پر انحصار کرتا ہے، جس کی وجہ سے ہماری طلب زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک، دو مہینے سے ہمارے آکسیجن فراہم کرنے والے مرکزی ٹینک کو 5 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار لیٹر کردیا گیا تھا، اس کے علاوہ ہمارے پاس 100 کے قریب آکسیجن سلنڈر اسٹینڈ بائے پر موجود تھے۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ یہ جو آکسیجن کی فراہمی ہے یہ ایک کمپنی کی طرف سے ہورہی ہے جبکہ موجودہ سیزن میں طلب بہت زیادہ ہے تاہم کمپنی کی جانب سے کوشش کی جاتی ہے کہ بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے لیکن گزشتہ شب کچھ ناگزیر وجوہات کے باعث وقت پر فراہمی نہیں ہوسکی اور اس وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے ہمارے پاس موجود 100 سلنڈر سے ہم نے فوری طور پر کووڈ وارڈ و دیگر میں آئی سی یوز کو فراہم کیں،جس کی وجہ سے اموات بہت کم ہوئیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ آکسیجن کی فراہمی تاخیر کی وجوہات سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 901992
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش