0
Sunday 6 Dec 2020 18:07

اتحاد بین المسلمین کیلئے علماء کا کردار قابل تحسین ہے، گورنر پنجاب

اتحاد بین المسلمین کیلئے علماء کا کردار قابل تحسین ہے، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے لاہور کے جامعہ المنتظر میں علامہ صفدر حسین نجفی کی برسی اور علامہ نیاز حسین نقوی کی رسم چہلم کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ صفدر حسین نجفی اور علامہ نیاز نقوی نے پوری زندگی اسلام اور انسانیت کی خدمت کی، یہ دونوں علماء اتحاد امت کے متحرک اور مسلمان کو متحد کرنیوالے تھے۔ چودھری سرور کا کہنا تھا کہ مرحوم علماء کو خراج  تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلا جائے اور ان کے کاموں کو جاری رکھا جائے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی اسلام کی کربلا میں قربانی کو صرف مسلمان ہی نہیں، غیر مسلم بھی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے میدان کربلا میں یہی پیغام دیا کہ ہمیں حق پر قائم رہنا چاہئے، چاہے جتنی بھی مصیبتیں برداشت کرنا پڑیں۔

چودھری سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب و مسالک کو مل جل کر رہنا ہے، اُمت مسلمہ کے اتحاد کیلئے ہمیں مل جل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان میں اتحاد بین المسلمین کیلئے علماء کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مسلم اقلیتوں کے تحفظ اور کورونا کے حوالے سے علماء کا کردار قابل تحسین ہے، سوشل اور الیکٹرونک میڈیا بھی عوام میں آگاہی پیدا کر رہا ہے لیکن کورونا احتیاطی تدابیر کے حوالے سے جو آواز مسجد سے اٹھتی ہے اثر رکھتی ہے۔ چودھری سرور کا کہنا تھا کہ تاریخ نے ہمیشہ ان شخصیات کا نام یاد رکھا جہنوں نے لوگوں کی خدمت کی ہے، دنیا میں جو مسلمان موجود ہیں، وہ امام حسینؑ کی میدان کربلا میں لازوال قربانی کا نتیجہ ہے، ہمیں حق پر قائم رہنا چاہیے، امام حسینؑ نے بھی اس کا ہی درس دیا ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جن عظیم شخصیات کی بلندی درجات کیلے جمع ہیں، ان کے نقش قدم پر چلیں تو زندگی کامیاب ہو سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 901999
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش