0
Sunday 6 Dec 2020 17:16

بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بلڈر مافیا کا گٹھ جوڑ، کراچی میں فلیٹس خریدنے والے رُل گئے

بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بلڈر مافیا کا گٹھ جوڑ، کراچی میں فلیٹس خریدنے والے رُل گئے
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے ناظم آباد نمبر 1 میں نئی تعمیر شدہ 6 منزلہ عمارت میں فلیٹ لینے والے عوام رُل گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں گزشتہ روز غیر قانونی رہائشی عمارت گرانے کے لئے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کارروائی کی، تاہم ایس بی سی اے کی ٹیم پر مشتعل افراد نے حملہ کردیا تھا جس میں کئی اہل کار زخمی ہوگئے۔ حملے میں لیڈی سرچر سمیت کئی اہل کار معمولی زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد شدید مزاحمت پر ایس بی سی اے نے آپریشن روک دیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ عمارت کے مکینوں اور بلڈر کے ساتھیوں نے کیا، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی نفری تعینات کردی گئی۔ دوسری طرف بلڈر مافیا اور ایس بی سی اے کے کرپٹ افسران کے گٹھ جوڑ میں عوام رُل گئے ہیں، کچھ عرصہ قبل 220 مربع گز پلاٹ پر 6 منزلہ عمارت تعمیرکی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر فلیٹس عوام کو بیچ کر بلڈر نے لاکھوں روپے بٹورے۔

ذرائع کے مطابق جب 6 منزلہ عمارت میں کچھ فلیٹس فروخت کے لئے تیار ہوگئے تو بلڈر کے مخالف گروپ کی درخواست پر ایس بی سی اے کا عملہ پہنچ گیا، تاہم ایس بی سی اے ٹیم پر مکینوں اور بلڈر کے ساتھیوں نے حملہ کردیا، جس میں کئی اہل کاروں کو اندرونی چوٹیں آئیں، رات گئے بلڈر اور ساتھی موقع سے غائب ہوگئے تھے جب کہ پولیس اہل کار علاقے میں تعینات کئے گئے تھے۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے نفری تعینات کی گئی ہے، حملے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔ ایس بی سی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ عمارت میں عارضی طور پر فیملی کو بٹھایا گیا ہے، تاہم صورت حال کنٹرول میں آنے کے بعد عمارت کو مسمار کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ غیر قانونی عمارت کی تعمیر بلڈر مافیا اور ایس بی سی اے کے کرپٹ افسران کے گٹھ جوڑ سے کی گئی تھی، جسے اب مسمار کیا جا رہا ہے، تاہم فلیٹس لینے والے عوام کو اس گٹھ جوڑ میں نقصان پہنچا ہے، جس کا مداوا ایک سوالیہ نشان ہے۔
خبر کا کوڈ : 902027
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش