0
Sunday 6 Dec 2020 23:43

پاراچنار، کئی قبائلی عمائدین کی پی ٹی آئی کو چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت

پاراچنار، کئی قبائلی عمائدین کی پی ٹی آئی کو چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شمولیت
اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں قبائلی سرداروں نے پی ٹی آئی حکومت سے تنگ آکر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، پی پی کے رکن قومی اسمبلی ساجد حسین طوری نے انہیں خوش آمدید کہا اور انہیں پیپلز پارٹی کی ٹوپیاں پہنائیں۔ پاراچنار کے طوری ہاؤس میں گرینڈ شمولیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع کرم کے تینوں ڈویژنوں اپر، لوئر اور سنٹرل کرم سے بڑی تعداد میں قبائلی سرداروں اور جوانوں نے پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والے سابق امیدوار برائے این اے 46 ملک عبدالغفار خان چمکنی، ملک کندانی خان، ملک رشید زمان بوشہرہ، ملک فضل خالق، ایوب مینگل، رفیع اللہ چمکنی اور دیگر نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی حکومت سے تنگ آکر پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں، پی ٹی آئی حکومت سے انہیں بہت سے امیدیں وابستہ تھیں مگر انہیں سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملا، پیپلز پارٹی امن کی علامت ہے اور قبائلی عوام کیلئے نجات کا واحد راستہ پیپلز پارٹی ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اور عمران خان ملک میں قادیانیت اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے راہ ہموار کر رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب میں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ساجد طوری، ضلعی صدر جلال بنگش، سینیئر وائس پریزیڈنٹ حاجی جمیل طوری، جنرل سیکرٹری مسلم حسین، سینیئر رہنما ڈاکٹر عارف طوری، ممتاز بھائی، عنایت حسین طوری، ملک نیاز محمد اور دیگر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ نہ صرف قبائلی اضلاع بلکہ پورے پاکستان کے عوام موجودہ حکومت کی ناکام حکمت عملی کے باعث دلبرداشتہ ہوچکے ہیں اور ان کیلئے پیپلز پارٹی ہی نجات کی کشتی بن چکی ہے۔ مہنگائی کے طوفان نے غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے اور عوام فاقوں سے تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 902073
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش