0
Monday 7 Dec 2020 18:05

کورونا وبا میں مسلسل اضافہ تشویش کا باعث ہے، اسد نقوی

پی ڈی ایم نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو کورونا کی صورتحال پورے ملک میں بے قابو ہو جائیگی
کورونا وبا میں مسلسل اضافہ تشویش کا باعث ہے، اسد نقوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے لاہور مں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وبا میں مسلسل اضافہ تشویش کا باعث ہے، صرف حکومتی اقدامات سے کسی بھی آفت ناگہانی کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا، اس کیلئے عوام کو بھی اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ آزمائش کی اس گھڑی میں اپوزیشن جماعتوں کے جلسے جلوس عوام کی جانیں داؤ پر لگانے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا عوام سے کی گئی خیانتوں پر پردہ ڈالنے کیلئے پی ڈی ایم موجودہ حکومت کیخلاف واویلا کر رہی ہے، قومی خزانے سے لوٹی گئی دولت بچانے کیلئے عوام کو گمراہ کرنے کا کوئی حربہ اب کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا پی ڈی ایم نے اگر اپنی روش تبدیل نہ کی تو کورونا کی صورتحال پورے ملک میں بے قابو ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف جماعتوں کے مسلسل اجتماعات اس حقیقت کا عکاس ہیں کہ انہیں عوام کی صحت اور جان و مال کی کوئی فکر نہیں، ان کا مقصد عوام کو ڈھال بنا کر اپنے ان اثاثوں کو بچانا ہے، جو عوام کا پیسہ لوٹ کر بنائے گئے ہیں۔ اسد نقوی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو آزادانہ جلسے اور جلوسوں کی اجازت دے کر حکومت نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کیا ہے، اپوزیشن جماعتوں کو بھی دانشمندی دکھاتے ہوئے عوام کو صحت سے متعلقہ درپیش مسائل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی یقین دہانی کرانی چاہیئے تھی، لیکن ان کے اقدامات سے صاف ظاہر ہے کہ انہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں، ان کے مقاصد عوامی نہیں بلکہ ذاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایسے مفاد پرستوں اور موقعہ شناسوں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 902220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش